پاکستان کے پہلے صدر کی اہلیہ ناہید اسکندر مرزا انتقال کر گئیں

سابقہ خاتونِ اول طویل عرصے سے لندن کے اسپتال میں زیر علاج تھیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 25 جنوری 2019 11:46

پاکستان کے پہلے صدر کی اہلیہ ناہید اسکندر مرزا انتقال کر گئیں
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 جنوری 2019ء ) پاکستان کے پہلے صدر اسکندر مرزا کی بیوہ ناہید اسکندر مرزا لندن میں انتقال کر گئیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے اُن کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ طویل عرصے سے علیل تھیں اور لندن کے اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ مسز ناہید اسکندر مرزا، سابق صدر کی دُوسری اہلیہ اور ایرانی کُرد تھیں۔

ناہید اسکندر مرزا پیپلز پارٹی کے بانی اور پاکستان کے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی اہلیہ بیگم نصرت بھٹو کی بھی رشتہ دار تھیں۔

(جاری ہے)

اسکندر مرزا پاکستان کے تیسرے گورنر جنرل تھے تاہم اُن کے دور میں آئین ساز اسمبلی کی جانب سے پاکستان کا پہلا آئین 1956ء میں تشکیل پایا جس کے مطابق گورنر جنرل کا عہدہ صدر سے بدل دیا گیا۔ اور یوں میجر جنرل اسکندر مرزا پاکستان کی تاریخ کی وہ واحد شخصیت ہیں جو گورنر جنرل ہونے کے ساتھ ساتھ صدر بھی بنے۔

سکندر مرزا اور ناہید اسکندر مرزا 1954ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ اسکندر مرزا کا بعد میں انتقال ہو گیا تاہم اُن کی دُوسری اہلیہ اُن کی موت کے بعد طویل عرصہ تک حیات رہیں، جو لندن کے ایک اسپتال میں طویل عرصہ بیماری کا شکار رہ کر انتقال کر گئیں۔