سینئر وزیر کی زیر صدارت شہر خموشاں اتھارٹی کا اجلاس ، دیگر شہروں میں بھی قبرستان بنیں گے‘عبدالعلیم خان

نئے بلدیاتی سسٹم میں قبرستانوں کو بھی شامل کیا جائے گا ، سکھوں کو بھی ننکانہ صاحب اور حسن ابدال میں سہولت دینگے عبدالعلیم خان کا بی بی پاکدامن سمیت دیگر مزارات کی شکایات و توسیع نہ ہونے کا نوٹس ،فوری کارروائی کی ہدایت کر دی

ہفتہ 2 فروری 2019 18:37

سینئر وزیر کی زیر صدارت شہر خموشاں اتھارٹی کا اجلاس ، دیگر شہروں میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2019ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت شہر خموشاں اتھارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور کی طرز پر پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی سرکاری سطح پر ایسے قبرستان بنائے جائیں گے جہاں ضرورت مند شہریوں کو اموات کی شکل میں تجہیز و تکفین کی مفت سہولیات حاصل ہو سکیں ، سینئر وزیرنے ملتان میں جاری منصوبے کو جلد مکمل کرنے اور لاہور شہر میں مزید جگہوں کی نشاندہی کی ہدایت کی ، انہوں نے کہا کہ شہری آبادی میں قبرستان اہم مسئلہ بن چکا ہے جبکہ بعض چھوٹے قصبوں میں بھی اس ضمن میں انتہائی مشکل کا سامنا ہے ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب کے نئے بلدیاتی سسٹم میں قبرستانوں کی فراہمی کو بھی شامل کیا جائے گا ،اصل مسئلہ قبرو ں کیلئے جگہ کی دستیابی ہے جس میں حکومت مکمل تعاون کرے گی ۔

(جاری ہے)

سکھوں کو بھی ننکانہ صاحب اور حسن ابدال میں سہولت دینگے۔سینئر وزیر کو اجلا س میں بتایا گیا کہ لاہور کے کاہنہ قبرستان میں500میتیں دفن کی جا چکی ہیں جن میں 160نا معلوم افرادکی قبریں بھی شامل ہیں ۔ دریں اثناء سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے دربار بی بی پاکدامن کے بارے میں مختلف شکایات سامنے آنے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری اوقاف کو اس ضمن میں فوری طور پر کاروائی کرنے کی ہدایت کی ہے ،انہوں نے کہاکہ محکمہ اوقاف مزار کی حدود میں تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنائے اور مزار بی بی پاکدامن کی توسیع کیلئے بھی فوری طور پر اقدامات کیے جائیں ، سینئر وزیر نے سیکرٹری اوقاف کو داتادربار کے گردوپیش حالات بہتر بنانے کیلئے پلان تیارکرنے کی ہدایت کی ،انہوں نے کہا کہ مزار کے سامنے سکیورٹی امور اور پارکنگ سٹینڈ و دیگر مسائل کا حل تلاش کیا جائے ،اسی طرح داتاد ربار کے سامنے ڈمپنگ سائٹ ختم کر کے تجاوزات بھی ہٹائی جائیں اور وہاں معیاری پارک بنایا جائے ،عبدالعلیم خان نے دربار میاں میر اور شاہ جمال کے مزارپر بھی حالات کی بہتری کیلئے فوری کاروائی کا حکم دیا اور محکمہ اوقاف کو ایک ماہ کے اندر تمام مزاروں کے حوالے سے ماسٹر پلان پر کام کرنے کی ہدایت کی ،سیکرٹری اوقاف ذوالفقار گھمن نے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مزاروںکی سکیورٹی اور دیگر امور کو کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے اور اُن کی ہدایات کی روشنی میں جلد دیگر اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔