صحافیوں کی مشکلات ،حکومت گرانے کیلئے ہمارے ساتھ کندھا ملائیں ہم آپ کا ساتھ دینگے، زر داری

صحافیوں کا کام حکومت بنانا گرانا نہیں ، رپورٹنگ کرنا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود کا صحافی کے سوال پر جواب

ہفتہ 2 فروری 2019 20:13

صحافیوں کی مشکلات ،حکومت گرانے کیلئے ہمارے ساتھ کندھا ملائیں ہم آپ ..
اسلام آباد /ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2019ء) سابق صدر آصف علی زر داری نے کہاہے کہ آج کل صحافیوں کی مشکلات زیادہ ہیں ، آپ حکومت گرانے کیلئے ہمارے ساتھ کندھا ملائیں ہم آپ کا ساتھ دینگے ۔ہفتہ کو جے یو آئی (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت کشمیرکے حوالے سے منعقدہ کانفرنس میں شرکت کے موقع سابق صدر آصف علی زر داری ازراہ مذاق کہاکہ آج کل صحافیوں کی مشکلات زیادہ ہیں امید ہے حل ہوجائینگی ، انشاء اللہ جلد حل ہونگی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آپ حکومت گرانے کے لئے ہمارے ساتھ کندھا ملائیں، ہم آپ کا ساتھ دینگے۔ کانفرنس میں شرکت کیلئے جب آصف علی زر داری پہنچے تو صحافی نے سوال کیا کہ اپوزیشن کب تک متحد ہوگی جس پر آصف علی زر داری نے واضح جواب دینے سے گریز کیا اور صحافی سے کہاجب آپ کہیں متحد ہوجائیں گے۔دوسری جانب آصف علی زر داری جانب سے حکومت گرانے میں میڈیا سے مدد مانگنے سے متعلق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے سوال کیا گیا جس کا جواب دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ صحافیوں کا کام حکومت بنانا گرانا نہیں بلکہ رپورٹنگ کرنا ہے