غزہ: یو این کی طرف سے گیارہ ملین ڈالر کی ہنگامی امداد جاری

یو این منگل 14 اکتوبر 2025 04:15

غزہ: یو این کی طرف سے گیارہ ملین ڈالر کی ہنگامی امداد جاری

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 14 اکتوبر 2025ء) اقوام متحدہ نے غزہ میں لوگوں کی فوری ضروریات پوری کرنے کے لیے اپنے مرکزی ہنگامی امدادی فنڈ (سی ای آر ایف) سے ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر جاری کر دیے ہیں۔

امدادی مالی وسائل کے اجرا کا اعلان اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے امدادی امور ٹام فلیچر نے کیا ۔ ان وسائل سے غزہ میں خوراک، پانی، صحت کی سہولیات اور پناہ گاہوں کی فراہمی سمیت امدادی سرگرمیوں کی فوری توسیع کا کام لیا جائے گا۔

یہ اقدام بیک وقت جنگ سے تباہ حال لوگوں کے لیے بڑھتی امدادی کوششوں اور مالی وسائل کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔

Tweet URL

گزشتہ ہفتے ہسپتالوں اور ضروری خدمات کو ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے 'سی ای آر ایف' کے ذریعے 90 لاکھ ڈالر کی رقم مختص کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

اس طرح حالیہ دنوں میں غزہ کے لیے اقوام متحدہ کی جانب سے مہیا کردہ امدادی وسائل کا مجموعی حجم 2 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

امدادی کارروائیوں میں اضافہ

اقوام متحدہ کی جانب سے یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ، قطر اور مصر کی ثالثی سے طے پانے والی جنگ بندی برقرار ہے اور غزہ سے اسرائیلی یرغمالیوں اور اسرائیل سے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ جاری ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اسے طویل تباہ کاریوں کے بعد سکون کا پرامید مگر نازک لمحہ قرار دیا ہے۔

ٹام فلیچر کا کہنا ہے کہ رسائی کے مسائل حل ہونے کے ساتھ اقوام متحدہ اور اس کے شراکت دار غزہ بھر میں اپنی امدادی کارروائیاں تیزی سے بڑھا رہے ہیں تاکہ ان علاقوں میں بھی ضروری امداد پہنچائی جا سکے جن کا رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع تھا۔

تاہم، انہوں نے واضح کیا ہے کہ بڑے پیمانے پر ضروریات کے پیش نظر امدادی وسائل میں اضافہ ہونا چاہیے۔

ٹام فلیچر نے خبردار کیا ہے کہ اگر 'سی ای آر ایف' میں نئی مالی معاونت شامل نہ ہوئی تو لاکھوں ضرورت مند لوگوں کی مدد جاری رکھنا ممکن نہیں ہو گا جو ان کے لیے زندگی اور موت میں فرق کی حیثیت رکھتی ہے۔اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی امداد میں توسیع پرامید مگر نازک وقت میں ہو رہی ہے۔ یہ وقت پرعزم صبر، تخلیقی سوچ اور مسلسل فیاضی کا تقاضا کرتا ہے۔

'اوچا' کے مطابق، اقوام متحدہ کی امدادی ٹیمیں ایک لاکھ 90 ہزار ٹن امداد غزہ میں لا رہی ہیں۔ مارچ کے بعد پہلی مرتبہ کھانا بنانے کی گیس بھی علاقے میں آئی ہے جبکہ روزانہ خوراک، خیمے اور طبی سامان بھی پہنچایا جا رہا ہے۔