وزیرریلوے شیخ رشید کا کلین، گرین اور خوش اخلاق مہم کے حوالے سے لاہور سے سیالکوٹ سیکشن کے تمام اسٹیشنوںکا دورہ

کرتار پور سے انڈیا کے بارڈر تک پٹری بچھانے کو تیار ہیں، کرتارپور کو تاریخی ریلوے اسٹیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو سکھ کلچر کے مطابق ہوگا ہماری حکومت ساری ٹرینیں بحال کرے گی،لاہور سیالکوٹ اور راولپنڈی کے درمیان جلد نئی ٹرین چلائیںگے‘وفاقی وزیر ریلوے کی مختلف ریلوے اسٹیشنوں کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

پیر 4 فروری 2019 20:48

وزیرریلوے شیخ رشید کا کلین، گرین اور خوش اخلاق مہم کے حوالے سے لاہور ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2019ء) وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کا کلین، گرین اور خوش اخلاق مہم کے حوالے سے چوتھے روز لاہور سے سیالکوٹ سیکشن کے تمام اسٹیشنوں(نارنگ منڈی ، نارووال، بدوملی ، پسرور، چونڈا) کا دورہ ، عوام سے ملاقات اور سمبڑیال میں چیمبر آف کامرس سیالکوٹ سے خطاب کیا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے جب لاہور ریلوے اسٹیشن سے اپنے سفر کا آغاز کیا توڈی ایس لاہور نے وفاقی وزیر ریلوے کو لاہور ریلوے ا سٹیشن کی تزئین و آرائش سے متعلق آگاہ کیا جس پر وفاقی وزیر ریلوے نے کام کی رفتار کو تیز کرنے اور مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے احکامات جاری کیے۔

وفاقی وزیر ریلوے علامہ اقبال ایکسپریس لاہور سے نارووال، سیالکوٹ سیکشن پر روانہ ہوئے تو نارنگ منڈی ریلوے اسٹیشن پر مسافروں اور اہل ِ علاقہ کی کثیرتعداد نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا پُرتپاک استقبال کیا۔

(جاری ہے)

نارنگ منڈی ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے میری ڈیوٹی لگائی ہے دُعا کریں کہ پاکستان ریلوے اپنی تاریخی حیثیت میں دوبارہ بحال ہوجائے۔

وزیر ریلوے کا نارووال ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر ہزاروں لوگوں نے گرم جوشی سے استقبال کیا ۔ نارووال ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ کرتار پور سے انڈیا کے بارڈر تک پٹری بچھانے کو تیار ہیں۔ کرتارپور کو تاریخی ریلوے اسٹیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ سکھ کلچر کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ہندوستان کو پیشکش کی ہے کہ وہ بھی سکھ یاتریوں کے لیے ٹرین کی پٹری بچھائے اسی طرح ہم بھی سکھ یاتریوں کے لیے مہمان خانے اور اسٹیشن بنائیں گے اور بارڈر تک ٹریک بھی بچھائیں گے۔

لوگ کہتے ہیں کہ 10 ٹرینیں چلتی تھیں اب صرف 3ٹرینیں رہ گئی ہیں ہماری حکومت ساری ٹرینیں بحال کرے گی۔ لاہور سیالکوٹ اور راولپنڈی کے درمیان جلد نئی ٹرین چلائیںگے۔ بعدازاں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا سیالکوٹ ریلوے اسٹیشن پہنچے پرپی ٹی آئی کے سینئرلیڈرزعثمان ڈاراور فردوس عاشق اعوان سمیت مقامی لوگوں اور تاجروں کی جانب سے پُرتپاک استقبال کیاگیا۔

جس کے بعد وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سمبڑیال ڈرائی پورٹ کا بھی دورہ کیا ۔اس موقع پر صدر کسٹم ایجنٹ ایسوسی ایشن اور چیئر مین چیمبر آف کامرس سیالکوٹ کی جانب سے تقریب کا اہتمام کیاگیا۔ جس میں پی ٹی آئی کے مقامی لیڈرز عثمان ڈار اور فردوس عاشق اعوان نے بھی شرکت۔ وزیر ریلوے نے تقریب میں تاجروںاور عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ بزنس لے کر آئیں ہم فریٹ ٹرین دینے کو تیار ہیں۔

یہ آڑتھ کی منڈی نہیں ہے ریلوے کی ٹرین ہے ہمارے ذمے پینشن، آپریشنزاورخسارے کے واجبات ہیں ہمیں پانچ دن ایڈوانس پیسے دے دیئے جائیںہم فریٹ ٹرین دینے کو تیار ہیں آپ کا بزنس بڑھے گا اور ریلوے کوبھی خاطر خواہ فائدہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے راولپنڈی سیالکوٹ کے درمیان ریل کار بحال کرنے کا کہا گیا ہے۔ ہم نے اس سال کے آخر تک بیس ٹرینیں چلانی ہیں۔

پہلے سو دنوں میں دس ٹرینیں چلائی ہیں۔ہم نے کوچز کا ٹینڈر دے دیا ہے جیسے ہی نئی کوچز آنا شروع ہوتی ہیں میرا وعدہ ہے راولپنڈی اور سیالکوٹ کے درمیان ریل کار چلا دوں گا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسر ریلویز محمدآفتاب اکبر اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور عامر نثار چوہدری سمیت ریلوے کے اعلیٰ حکام بھی وزیر ریلویز کے ہمراہ تھے۔