Live Updates

نیا پاکستان بن کر رہے گا جس میں طرز حکمرانی نئی سوچ کی ہوگی ،شاہ محمود قریشی

ہم موٹرویز کی بجائے قوم سازی پر توجہ دیں گے،ملک میں نیا سیاسی کلچر متعارف کرائیں گے،سعودی عرب یمن کے ایشو کے بعد ہمارے ساتھ بات کرنے کو تیار نہ تھا،گلف ریاستیں ہمارے قریب آنے سے گھبرا رہی تھیں،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے امید دلوائی اور پی ٹی آئی کو چلایا چندے دئیے، وزیر خارجہ کا پاکستانی کمیونٹی سے خطاب

جمعہ 8 فروری 2019 13:20

نیا پاکستان بن کر رہے گا جس میں طرز حکمرانی نئی سوچ کی ہوگی ،شاہ محمود ..
مانچسٹر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نیا پاکستان بن کر رہے گا جس میں طرز حکمرانی نئی سوچ کی ہوگی ،ہم موٹرویز کی بجائے قوم سازی پر توجہ دیں گے،ملک میں نیا سیاسی کلچر متعارف کرائیں گے،سعودی عرب یمن کے ایشو کے بعد ہمارے ساتھ بات کرنے کو تیار نہ تھا،گلف ریاستیں ہمارے قریب آنے سے گھبرا رہی تھیں،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے امید دلوائی اور پی ٹی آئی کو چلایا چندے دئیے۔

جمعہ کو پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ بیروں ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کے حق کی بات کی ہے تاکہ آپ ملکی پالیسیوں کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوںنے کہاکہ آپ لوگوں کے بغیر ہی پی ٹی آئی کا قیام ممکن نہیں ہو سکتا تھا،آپ کی معاونت سے پی ٹی آئی کی تشکیل ممکن بنی ،آپ کی مدد سے کینسر ہسپتال بنا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آپ کی معاونت سے شوکت خانم ہسپتال میں ستر فیصد مریضوں کا علاج ہورہا ہے،آپ کی مدد سے نمل یونیورسٹی کا قیام ممکن ہوا۔وزیر خارجہ نے کہاکہ میانوالی کے دور افتادہ علاقے میں اعلیٰ تعلیم کی یونیورسٹی بنی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جب ہم نے نئے پاکستان کی بات کی لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایاانہوںنے کہاکہ آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ نیا پاکستان بن کر رہے گا،اس نئے پاکستان میں طرز حکمرانی نئی سوچ کی ہوگی۔

انہوںنے کہاکہ ہم عوام کی فلاح میں سرمایہ کاری کریں گے۔انہوںنے کہاکہ ہم موٹرویز کی بجائے قوم سازی پر توجہ دیں گے،ہم ملک میں نیا سیاسی کلچر متعارف کرائیں گے۔انہوںنے کہاکہ ہم اپنے ہمسایوں کے ساتھ بھی امن کی. بات کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پہلے ہم خارجہ محاذ پر ناکامی کا شکار تھے افغانستان میں بھی کچھ ہوتا تو ہمیں ذمہ دار ٹھہرایا جاتا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ سعودی عرب یمن کے ایشو کے بعد ہمارے ساتھ بات کرنے کو تیار نہ تھا۔ انہوںنے کہاکہ گلف ریاستیں ہمارے قریب آنے سے گھبرا رہی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے خارجہ پالیسی کو نئی سمت دی اور آج حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں،سول سروس انحطاط کا شکار تھی وہ لوگ جو مہارت رکھتے تھے مختلف شعبوں میں، موقع ملنے پر ملک چھوڑ رہے تھے۔

انہوںنے کہاکہ ہم نے ریفارم ایجنڈے پر کام شروع کیا۔ انہوںنے کہا کہ جب اسد عمر نے وزارتِ خزانہ کا قلمدان سنبھالا تو معاشی حالات انتہائی خراب تھے ہمارا قرضہ 28 ٹریلین تک پہنچ چکا تھا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ برآمدات نہ ہونے کے برابر رہ گئی تھیں ،ہم پہلے 16 دفعہ آئی ایم ایف کے پاس گئے مگر انہوں نے ہمیشہ سخت پابندیاں لگائیں۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے پاکستان کے دوستوں کی مدد لی تاکہ ہم آئی ایم ایف کے ساتھ بہتر شرائط پر بات چیت کر سکیں۔

انہوںنے کہاکہ میں آپ سے گزارش کروں گا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کیلئے دعا کریں کہ وہ کامیاب ہو کیونکہ اس نے جو راستہ چنا ہے وہ مشکل راستہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ جب قائد اعظم نے قرارداد پاکستان منظور کروائی تو لوگوں نے اسے دیوانے کی بڑھ کہااور پھر دنیا نے دیکھا کہ پاکستان بنا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ قوموں کو بھوک نہیں بے حیائی مار دیتی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جب نیتیں ٹھیک ہو جائیں تو لوگ صفوں میں سے نکل آتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کیا 210 ملین کی قوم میں ہمیں 4/5 ہزار لوگ نہیں مل سکتے ہیں جو سول سروس کا حصہ بن سکیں،یہ لعل شہروں اور دیہاتوں میں بکھرے ہوئے ہیں،یہی موتی نیا پاکستان بنائیں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ وہ دیا جلے گا میں ہوا کا رخ تبدیل ہوتے دیکھ رہا ہوں۔

انہوںنے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے امید دلوائی اور پی ٹی آئی کو چلایا چندے دئیے۔ انہوںنے کہاکہ ہم پاکستان کو نئے لبرل ویزا رجیم سے کھولیں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ یہ ملک آپ کا ہے آپ کے بزرگوں کا ملک ہے،میرا خدا گواہ ہے کہ میں نے عمران خان کا ساتھ کسی مفاد کے تحت نہیں دیا بلکہ عمران خان کھ کے ساتھ کاندھا ملا کر نیا پاکستان بنانے کیلئے دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ میں نے 35 سال سیاست میں گزارے ہیں کئی نشستوں پر رہا ہوں لیکن نئے پاکستان کے تقاضے اور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں مانچسٹر کے لوگوں کا بے حد شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہمیشہ لبیک کہا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات