علیمہ خان اور نواز شریف کا پاکستان الگ الگ ہے ، احتساب کے نام پر انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے‘خواجہ عمران نذیر

جن پلاٹوں کے الزام میں پکڑا گیا انکا کامران مائیکل سے کوئی تعلق نہیں ، نیب ریفرنس میں بھی انکا نام نہیں‘میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 9 فروری 2019 16:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2019ء) مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری و سابق صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ علیمہ خان کا پاکستان الگ اور نواز شریف کا الگ ہے ، احتساب کے نام پر انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ،جن پلاٹوں کے الزام میں پکڑا گیا انکا کامران مائیکل سے کوئی تعلق نہیں ، نیب ریفرنس میں بھی انکا نام نہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے کامران مائیکل سے اظہار یکجہتی کے لئے احتساب عدالت آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ جو احتساب کے نام پر انتقام لیا جا رہا ہے اسکی مذمت کرتے ہیں،23روز گزرنے کے بعد آج بھی نواز شریف کا کسی ماہر سے علاج نہیں کیا گیا۔علیمہ خان کا پاکستان الگ اور نواز شریف کا الگ ہے۔انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کے پاس جو سلائی مشین ہے وہ کہاں سے آئی ہمیں بھی بتائیں ، شوکت خانم سے تمام پیسہ چوری کر کے آپ نے اور آپکی بہن نے کھا لیا۔

انہوں نے کہاکہ جن پلاٹوں کے الزام میں پکڑا ہے انکا کامران مائیکل سے کوئی تعلق نہیں ،نیب نے جو ریفرنس دیا ہے اس میں بھی کامران مائیکل کا نام نہیں ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ پرویز خٹک کو کوئی کیوں نہیں پکڑتا۔