سعودی عرب نے پاکستان کو آئی ایم ایف سے بھی زیادہ بڑا مالیاتی پیکج دینے کی پیش کش کردی

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران 10 ارب ڈالرز کا مالیاتی پیکج دینے کا باقاعدہ اعلان کیا جا سکتا ہے

muhammad ali محمد علی پیر 11 فروری 2019 18:23

سعودی عرب نے پاکستان کو آئی ایم ایف سے بھی زیادہ بڑا مالیاتی پیکج دینے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 فروری 2019ء) سعودی عرب نے پاکستان کو آئی ایم ایف سے بھی زیادہ بڑا مالیاتی پیکج دینے کی پیش کش کردی، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران 10 ارب ڈالرز کا مالیاتی پیکج دینے کا باقاعدہ اعلان کیا جا سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب پاکستان کے لیے ایک بڑا مالیاتی پیکیج مہیا کرنے کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے جس کے ذریعے مشکلات کی شکار پاکستانی معیشت کو سہارا ملے گا۔

اس حوالے سے معاملات سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران طے پائیں گے۔ واضح رہے کہ سعودی سفیر کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان 16 فروری کو بڑے وفد کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے۔ ذرائع کے مطابق محمد بن سلمان کے وزیراعظم ہاؤس میں قیام کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے قبل ان کی سیکیورٹی ٹیم پاکستان پہنچ گئی۔

نجی ٹی وی کے مطابق محمد بن سلمان کی سیکیورٹی ٹیم نے اسلام آباد کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق محمد بن سلمان کے ڈاکٹرز کی ٹیم اور ان کے دورے کی کوریج کے لیے سعودی میڈیا کا وفد بھی پاکستان پہنچ گیا ہے۔ یہ بھی واضح رہے کہ اسلامی فوجی کے اتحاد کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف کی سربراہی میں وفد بھی پاکستان کے 2 روزہ دورے پر ہے جو پاکستان کی سول و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریگا۔