علیم خان کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منطور

نیب نے ریمانڈ میں 15 روزتوسیع کی درخواست کی تھی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 15 فروری 2019 10:50

علیم خان کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منطور
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 فروری۔2019ء) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور آف شور کمپنی کیس میں گرفتار حکمران جماعت تحریک انصاف کے سینئر رہنما علیم خان کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منطور کرلیا ہے .پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا‘ احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی .

نیب پراسیکوٹر وارث علی جنجوعہ نے علیم خان کے جسمانی ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کی درخواست کی .

(جاری ہے)

نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم نے 9 روز کے ریمانڈ میں کوئی تعاون نہیں کیا، 2003 میں یہ عام آدمی تھے اور 2007 میں 871 ملین کے اثاثوں کی مالک بن گئے، انہوں نے 35 کمپنیاں بنائیں اور 100 اکاﺅنٹ کھلوائے، ملزم یہ نہیں بتاسکا کہ اس نے 900 کنال ارااضی کیسے خریدی، ان کے ملازم عمیر کے اکاﺅنٹ میں بھی بھاری رقم موجود ہے .

عبدالعلیم خان کے وکیل نے دلائل دیے کہ اس کیس میں نیب کی انکوائری حقیقت پر مبنی نہیں ہے، انہوں نے بیرون ملک جائیدادوں سمیت تمام اثاثوں کی دستاویزات جمع کرائی ہیں،33 کمپنیوں میں سے صرف دو کمپنیاں ہی کام کر رہی ہیں، 900 کنال زمین میں علیم خان 50 فیصد کے پارٹنر ہیں جبکہ باقی 50 فیصد زمین کے مالک میاں عامر محمود ہیں . عدالت نے سماعت کے بعد علیم خان کے جسمانی ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کردی .

پاکستان تحریک انصاف کے راہنما علیم خان کو 9 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پراحتساب عدالت میں پیش کیاگیا. خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پراحتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور آف شور کمپنی کیس میں گرفتار تحریک انصاف کے سینئر رہنما علیم خان کا 9 روزہ جسمانی ریمانڈ منطور کیا تھا. یاد رہے 6 فروری کو نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اورآف شورکمپنیوں کیس میں پنجاب کے سینئر وزیرعبدالعلیم خان کو گرفتارکیا تھا.

نیب کی جانب سے گرفتاری کے بعد علیم خان نے اپنا استعفیٰ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو بھجوا دیا تھا، علیم خان کا کہنا تھا کہ مقدمات کا سامنا کریں گے، آئین اورعدالتوں پریقین رکھتے ہیں، مجھ پر آمدن سے زائد اثاثوں کا نہیں، آفشور کمپنیوں کا مقدمہ ہے. بعدازاں نیب لاہور نے اپنے جاری کردہ اعلامیے میں عبدالعلیم خان کو گرفتارکرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا عبدالعلیم خان کو آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے.