Live Updates

وزیر اعظم کے سعودی عرب کے دوروں سے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات کو مزید وسعت ملی ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد میں شاہ فیصل مسجد دونوں ممالک کے درمیان مضبوط رشتے کی عکاسی کرتی ہے،چاہتے ہیں عرب ممالک کے لوگ یورپ جانے کے بجائے سیرو سیاحت کے لئے پاکستان کا رخ کریں،جامع مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائینگے،مستقبل میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ لائحہ عمل اپنا یا جائے گا، وزیر اطلاعات کا انٹرویو

ہفتہ 16 فروری 2019 13:20

وزیر اعظم کے سعودی عرب کے دوروں سے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے سعودی عرب کے دوروں سے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات کو مزید وسعت ملی ہے، اسلام آباد میں شاہ فیصل مسجد دونوں ممالک کے درمیان مضبوط رشتے کی عکاسی کرتی ہے،چاہتے ہیں عرب ممالک کے لوگ یورپ جانے کے بجائے سیرو سیاحت کے لئے پاکستان کا رخ کریں،جامع مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے،مستقبل میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ لائحہ عمل اپنا یا جائے گا۔

سعودی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ سعودی عرب سے تعلقات اقتصادی روابط اور اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلام آباد میں شاہ فیصل مسجد دونوں ممالک کے درمیان مضبوط رشتے کی عکاسی کرتی ہے۔چوہدری فواد حسین نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے سعودی عرب کے دوروں سے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات کو مزید وسعت ملی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو تذویراتی شراکت داری میں بدل دیں۔چوہدری فواد حسین نے کہاکہ میڈیا حقیقت حال کی عکاسی کرتا ہے اگر صورت حال مثبت ہے تو میڈیا مثبت تاثر دیگا۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں مثبت صورتحال ہے تو دونوں ملکوں میں مثبت صورتحال کی عکاسی ہورہی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان میں سعودی وزارت اطلاعات کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سعودی شہریوں کے لئے ہم نے ویزہ کی مخصوص سہولتیں فراہم کی ہیں۔چوہدری فواد حسین نے کہاکہ پاکستان میں بے شمار سیاحتی مقامات ہیں جن کو دیکھ کر اکثر لوگ سوئٹزرلینڈ کو بھی بھول جاتے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کی بلند ترین برفانی چوٹیاں ، سمندراور قدرتی مناظر موجود ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں عرب ممالک کے لوگ یورپ جانے کے بجائے سیرو سیاحت کے لئے پاکستان کا رخ کریں اس سلسلے میں ایک جامع مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے۔چوہدری فواد حسین نے کہاکہ اس حوالے سے ہم نے ایک مشترکہ کمیٹی بھی قائم کی ہے ،چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کے عوام شہزادہ محمد بن سلمان کے ویڑن کی تائید اور حمایت کرتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ ہم سعودی وزارت اطلاعات کے ساتھ بھر پور تعاون کررہے ہیں تاکہ اسلامی رواداری کو فروغ دیا جائے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر بنایا جائے۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی رواداری ،اسلامی اخوت ، غریبوں کی دادرسی اور انصاف پر مبنی پر معاشرے کی بنیاد ڈالی تھی۔ انہوں نے کہاکہ درحقیقت شہزادہ محمد بن سلمان کے خیالات بھی انہی اقدار پر مبنی ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی فلسفہ عالم اسلام کی ایک بڑی طاقت کی حیثیت سے ابھر رہاہے۔چوہدری فواد حسین نے کہاکہ مستقبل میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ لائحہ عمل اپنا یا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات