بھارت کا پلوامہ حملے کےبعد وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پرسائبرحملہ

بھارتی ہیکرز نے وزارت خارجہ کی ویب سائٹ ہیک کرلی، پاکستانی حکام نے فوری طور پر ویب سائٹ کو دوبارہ بحال کردیا۔دفتر خارجہ پاکستان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 16 فروری 2019 18:03

بھارت کا پلوامہ حملے کےبعد وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پرسائبرحملہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 فروری2019ء) بھارتی ہیکرز نے پلوامہ حملے کے بعد نیا حربہ استعمال کرتے ہوئے وزارت خارجہ پاکستان کی ویب سائٹ پر حملہ کردیا، بھارتی ہیکر ز نے دفترخارجہ کی ویب سائٹ کو ہیک کرلیا، پاکستانی حکام نے فوری طور پر ویب سائٹ کو دوبارہ بحال کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے پلوامہ حملے کے فوری بعد بغیر تحقیقات ہی پاکستان پر الزام دھر دیا تھا ۔

لیکن آج بھارتی ہیکرز نے حملے کے جواب میں پاکستانی دفتر خارجہ کی ویب سائٹ پر سائبر حملہ کردیا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بھارتی ہیکرز نے دفتر خارجہ کی ویب سائٹ کو ہیک کرلیا ۔جس کے بعد پاکستانی حکام نے دفتر خارجہ کی ویب سائٹ فوری طور پردوبارہ بحال کردی ہے۔ واضح رہے مقبوضہ کشمیرمیں ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں سرینگر جموں ہائی وے پر ایک بم دھماکے میں کم سے کم 44 بھارتی فوجی اہلکار ہلاک اوردرجنوں زخمی ہو گئے تھے، زخمیوں میں بعض کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ جمعرات کو کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دھماکہ خیز مواد سے لدی ایک کار کو بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں کی بس سے ٹکرا دیا گیا جس کے نتیجے میں زبردست دھماکہ ہوا۔ دھماکہ میں44 سی آر پی ایف اہلکار ہلاک اورمتعدد شدید زخمی ہوگئے جنہیں بادامی باغ سرینگر میںبھارتی فوج کی 92 بیس ہسپتال میں منتقل کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب بھارت نے تحقیقات کیے بغیر ہی پاکستان پر الزام دھر دیا۔ دفتر خارجہ پاکستان نے بھارتی الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مبینہ حملہ آور بھارت کے زیرتسلط علاقے سے تھے۔ جیش محمد کالعدم جماعت ہے۔ اس کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں حملے کی مذمت کرتے ہیں۔