پی ٹی آئی کی قیادت اور رہنمائوں کی بیرون ممالک جائیدادوں کا سراغ لگایا ہے ‘ رانا مشہود

انہیں ایسے نہیں چھوڑیں گے ،تمام اداروں کے پاس جائینگے،چندے کے پیسوں سے بیرون ممالک سرمایہ کی گئی

اتوار 17 فروری 2019 14:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2019ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما وسابق صوبائی وزیر رانا مشہود نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت اور رہنمائوں کی بیرون ممالک جائیدادوں کا سراغ لگایا ہے ، انہیں ایسے نہیں چھوڑیں گے اور تمام اداروں کے پاس جائیں گے ، شہباز شریف کے بعد پنجاب یتیم ہو چکا ہے اور اس کا کوئی والی وارث نہیں ، اگر وہ وزیر اعظم ہوتے تو آج ملک کے یہ حالات نہ ہوتے ۔

ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ مخالفین سے تو رسیدیں اور منی ٹریل مانگی گئی لیکن پی ٹی آئی کی قیادت اور رہنمائوں سے کچھ نہیں پوچھا جارہا ۔ علیمہ خان کی چار امریکہ اور چار دبئی میں جائیدادیں نکلی ہیں اور انہیں جرمانہ کر دیا گیا جو انہوں نے ادا بھی نہیں کیا ۔ لندن میں پی ٹی آئی کی قیادت کی 27ملین ڈالر کی آٹھ پراپرٹیاں ہیں جو نمل اور شوکت خانم کے چندے کے پیسے سے فرنٹ مین انیل مسرت کے ذریعے خریدی گئیں جسے ہم قوم کے سامنے لائیں گے۔

(جاری ہے)

علیمہ خان کے ذریعے پاکستان جبکہ اپنے بیٹے کے ذریعے امریکہ میں سرمایہ کاری کی گئی ۔ انہوںنے کہا کہ فیصل واڈا جو سیاست میں ایک نیا کردار ہے اس کی ظاہر شدہ جائیدادوں کے علاوہ بیرون ملک سات جائیدادیں نکل آئی ہیں ۔ آج بچہ بچہ سوال کر رہا ہے کہ اس پر کیوں نوٹس نہیں لیا جارہا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے نہیں چھوڑیں گے اور تمام اداروں کے پاس جائیں گے۔