Live Updates

نواز شریف کا جناح ہسپتال میں علاج جاری ،میڈیکل بورڈ کی مشاورت ،شہباز شریف ،مریم نواز ،حسن نواز کی اہلیہ اور بچوں نے عیادت کی

ہسٹری سمیت پی آئی سی اور سروسز کا ڈیٹا موصول ہوگیا ،امید ہے میڈیکل بورڈ آج اپنی حتمی رائے دیدے گا‘ پروفیسر ڈاکٹر عارف تجمل نواز شریف کو علاج کی ضرور ت ہے ‘ شہباز شریف ،مختلف ٹیسٹ ہو رہے ہیں ،دعا کریں اللہ تعالی میرے والد کو صحت دے ‘مریم نواز کارکنوں کی جانب سے جناح ہسپتال کے باہر نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے کیمپ ،صحتیابی کیلئے قرآن پاک کی تلاوت اور دعائیں کی گئیں

اتوار 17 فروری 2019 18:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2019ء) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا جناح ہسپتال میں علاج معالجہ جاری ہے ، میڈیکل بورڈ کی جانب سے معمول کے چیک اپ سمیت ان کے مختلف ٹیسٹ بھی کئے جارہے ہیں ،میڈیکل بورڈ کو ہسٹری سمیت پی آئی سی اور سروسز ہسپتال کا ڈیٹا موصول ہو گیا اور امید ہے کہ بورڈ آج ( پیر) تک حتمی رائے دیدے گا ، شہباز شریف ، مریم نواز ، حسن نواز کی اہلیہ اور بچوں نے ہسپتال میں نواز شریف کی عیادت کی ۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا جناح ہسپتال میں علاج معالجہ جاری ہے اور میڈیکل بورڈ کی جانب سے معمول کے چیک اپ کے ساتھ ٹیسٹوں کی موصول ہونے والی رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے جبکہ مزید ٹیسٹ بھی کئے گئے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میڈیکل بورڈ کے سربراہ پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر عارف تجمل نے کہا ہے کہ نوازشریف کی طبیعت ٹھیک ہے اور ان کی ادویات میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا تاہم ان کی خوراک میں کچھ تبدیلی کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے کچھ ٹیسٹ ہوچکے ہیں لیکن ان کی رپورٹس کے متعلق معلومات نہیں فراہم نہیں کی جا سکتیں۔پروفیسر عارف تجمل کا کہنا تھا کہ کسی رپورٹ کے بارے میں کارڈیالوجسٹ بہتر آگاہ کرسکتے ہیں۔ نواز شریف کی ہسٹری سمیت پی آئی سی اور سروسز کا ڈیٹا موصول ہوگیا ہے، میڈیکل بورڈ نے جائزہ لے لیا ہے اور امید ہے کہ آج بروز ( پیر ) تک میڈیکل بورڈ اپنی حتمی رائے دیدے گا۔

انہوں نے کہا کہ مریض کو علاج کی ضرورت ہے ہم ان کا علاج کررہے ہیں۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عاصم حمید نے کہا کہ نواز شریف کے روزانہ کی بنیاد پر ٹیسٹ ہورہے ہیں جس کے تحت ایکو گرافی ٹیسٹ اور ای سی جی بھی کی گئی ہے۔سابق وزیراعظم شوگر اور بلڈپریشر کی پہلے سے جو دوائیں استعمال کررہے ہیں وہی ادویات جاری ہیں۔نواز شریف کی شوگر اور بلڈ پریشر کنٹرول میں ہے۔

انہوںنے کہا کہ جیسے کے پہلے بتایا گیا ہے کہ میڈیکل رپورٹس کو شیئر نہیں کیا جا سکتا ۔ میڈیکل بورڈ رپورٹس فائنل ہونے کے بعد محکمہ داخلہ کو اپنی حتمی سفارشات بھیجے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا جس کمرے میں علاج ہو رہا ہے اسے سب جیل قرار دیا گیا ہے ۔محکمہ داخلہ کی طرف سے جن لوگوں کو ملوانے کی ہدایت کی جاتی ہے صرف ان کو ملاقات کی اجازت ہوتی ہے ۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز بھی جناح ہسپتال میں زیر علاج اپنے بھائی نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کی عیادت کی ۔پر میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹروں نے انہیں رپورٹس کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ شہبازشریف کچھ دیر اپنے بھائی کے ہمراہ موجود رہنے کے بعد اپنی والدہ سے ملاقات کے لئے رائے ونڈ جاتی امراء روانہ ہو گئے ۔میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کا علاج ہو رہا ہے اور انہیں علاج کی ضرورت ہے ۔

ان کے مختلف ٹیسٹ بھی کئے گئے ہیں۔ اللہ تعالی کرے نوازشریف جلد روبصحت ہوجائیں۔انہوں نے اپنی صحت بارے سوال کے جواب میں بتایا کہ میری کمر کا درد ہے پہلے سے بہتر ہے ،دعا کریں۔مریم نواز او ران کے بھائی حسن نواز کی اہلیہ اور بچوں نے بھی ہسپتال میں نواز شریف کی عیادت کی ۔مریم نواز نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ نواز شریف کے میڈیکل ٹیسٹ ہورہے ہیں۔ڈاکٹرز نے صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔دعا کریں اللہ تعالیٰ میرے والد کو صحت دے ۔مسلم لیگ (ن ) کے کارکنوں کی جانب سے جناح ہسپتال کے باہر نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے کیمپ جاری ہے جہاں کارکن نواز شریف کی صحتیابی کیلئے قرآن پاک کی تلاوت اور دعائیں بھی کر رہے ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات