Live Updates

پلوامہ حملے کے تناظر میں بھارت کی ایک اور ہٹ دھرمی

پاکستانی فلمسٹارز کے بھارتی فلموں میں کام کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 18 فروری 2019 15:33

پلوامہ حملے کے تناظر میں بھارت کی ایک اور ہٹ دھرمی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 فروری 2019ء) : پلوامہ حملے کا الزام بھارت نے بغیر سوچے سمجھے پاکستان پر عائد کر دیا جس کے بعد سے پاک بھارت تعلقات میں مزید خفگی پیدا ہو گئی ہے۔ تاہم اب پاکستانی فلمسٹارز کے بھارتی فلموں میں کام کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی اداکاروں کے بھارتی فلموں میں کام کرنے پر پابندی بھارتی سینما ورکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے عائد کی گئی جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کیے جانے والے نوٹی فکیشن میں لکھا گیا کہ ہم پلوامہ میں بھارتی فوج پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ نوٹی فکیشن میں حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا گیا ۔

(جاری ہے)

آج جاری ہونے والے نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی اداکاروں اور فنکاروں کے بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کرنے پر باقاعدہ پابندی عائد کر دی گئی ہے، اگر کوئی ادارہ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرتا پایا گیا تو اُس پر بھی پابندی عائد کر دی جائے گی اور اس کے خلاف ایکشن بھی لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں اور دونوں ممالک نے اپنے اپنے سفیروں کو بھی واپس بُلا لیا۔قبل ازیں انتہا پسند تنظیم مہاراشٹرنونیرمان سینا کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کے بعد بھارتی میوزک کمپنی نے یوٹیوب سے پاکستانی گلوکاروں کےگانے بھی ہٹا دیے تھے۔ جبکہ کرکٹ کلب آف انڈیا میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی تصاویر کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کا بطور کرکٹر پورٹریٹ کرکٹ کلب آف انڈیا کی عمارت میں نصب تھا جسے پلوامہ واقعہ کے بعد ہٹا دیا گیا تھا۔اس کے علاوہ بھارت میں پی ایس ایل کی نشریات پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ پلوامہ حملے میں 40 سے زائد بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے جس کا الزام بھارت نے بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پرعائد کیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات