پلوامہ حملے میں بھارتی بارود ہی استعمال ہوا، سابق انڈین جنرل کا انکشاف

امید ہے حملے کے بعد گہری سوچ بچار کیساتھ تمام حقائق کا جائزہ لیا جائیگا ،غور کیا جائے کشمیر کے مسئلے کے مستقل حل کیلئے کیا کیا جا سکتا ہے،لیفٹیننٹ جنرل (ر) دیپندرا سنگھ ہوڈا مودی نے سرجیکل سٹرائیک اور فوجیوں کو اپنے سیاسی مقصد کیلئے استعمال کیا ،مخصوص جماعت ووٹ لینے کیلئے لوگوں کے جذبات کا استحصال کررہی ہے،سوامی اگنی ویش بھارتی سماجی ومذہبی رہنماء

پیر 18 فروری 2019 21:22

پلوامہ حملے میں بھارتی بارود ہی استعمال ہوا، سابق انڈین جنرل کا انکشاف
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں غاصب بھارتی فوج پر کارخودکش حملے کے بعد پاکستان پر بھارتی الزامات کی حقیقت پر خود بھارتی جنرل نے سوالات کھڑے کردیئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق بھارتی فوجی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل (ر) دیپندرا سنگھ ہوڈا نے اعتراف کیا ہے کہ پلوامہ حملے میں بھارت کا ہی بارود استعمال کیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق بھارتی فوجی افسر نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ اتنی بڑی مقدار میں بارود دراندازی کرکے اتنی دور لایا جاسکے کیونکہ حملے میں 750 پائونڈ بارود استعمال کیا گیا تھا۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) ڈی ایس ہوڈا نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ اس حملے کے بعد گہری سوچ بچار کے ساتھ تمام حقائق کا جائزہ لیا جائے گا اور اس پر غور کیا جائے کہ کشمیر کے مسئلے کے مستقل حل کیلئے کیا کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب معروف بھارتی سماجی و مذہبی رہنما سوامی اگنی ویش نے بھی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مخصوص جماعت حالات خراب کرنے پر تلی ہوئی ہے تاکہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں ووٹ بٹورسکے۔ انہوں نے کہاکہ مودی نے سرجیکل اسٹرائیک اور فوجیوں کو اپنے سیاسی مقصد کیلئے استعمال کیا ہے اور مخصوص جماعت ووٹ لینے کیلئے لوگوں کے جذبات کا استحصال کررہی ہے۔ سوامی اگنی ویش نے کہا کہ کشمیری تاجروں اور طلباء پر حملے کرنے والے بھارت کے خیرخواہ نہیں ہیں بلکہ ان کے اپنے مفادات ہیں۔