سعودی ولی عہد نے بھارت سے جانے کے بعد بھارتی وزیراعظم کو خط لکھ دیا

میری نیک خواہشات قبول کریں، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے نیک خواہشات کے اظہار کے لیے نریندر مودی اور بھارتی وزیراعظم کا خط میں شکریہ ادا کیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 21 فروری 2019 16:20

سعودی ولی عہد نے بھارت سے جانے کے بعد بھارتی وزیراعظم  کو خط لکھ دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 فروری 2019ء) : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے انڈیا سے جانے کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ دیا،خط میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جنوبی ایشیا کے دورے پر ہیں۔انہوں نے سب سے پہلے پاکستان کا دورہ کیا اس کے بعد وہ ریاض گئے اور پھر ریاض سے بھارت کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوئے۔

تاہم اب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ محمد بن سلمان نے بھارت سے جانے کے بعد خط کے ذریعے سے بھارتی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔سعودی شہزادے نے خط میں اپنی اور اپنے وفد کی میزبانی کرنے پر بھارت کا شکریہ ادا کیا،انہوں نے کہا کہ جس طرح سے آپ نے میری اور میرے وفد کی میزبانی کی ہے اور اس پر میں آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

جو بات چیت ہمارے درمیان ہوئی وہ ہمارے ملکوں کے درمیان سٹریٹجک تعلقات کی مضبوطی کی تصدیق کرتی ہیں۔

اور دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں تعاون مزید فروغ دینے کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے جو کہ ہماری ریاستوں اور عوام کے بہتر مفاد میں ہو گی،محمد بن سلمان نے اپنے خط کے آخر میں نریندر مودی اور بھارتی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ میری نیک خواہشات قبول کریں۔واضح رہے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جنوبی ایشیا دورے کے اگلے پڑاﺅ پر چین پہنچ گئے جہاں شہزادہ محمد بن سلمان دو روزہ دورے کے دوران چین کے اعلٰی حکام اور چینی صدر ژی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔

چین پہنچنے پر سعودی ولی عہد کے استقبال کے لیے ائیر پورٹ پرچینی حکام کی بڑی تعداد تو موجود تھی لیکن ان میں کوئی نمایاں شخصیت یا کوئی وزیر شامل نہیں تھا۔ سعودی ولی عہد کی چین آمد پر ائیر پورٹ پر موجود لوگوں میں چین کی سیاسی کونسل کے ڈپٹی چیئرمین خی لی فنگ اور سعودی عرب میں چین کے سفیر لی ہوا ژن شامل تھے۔