آصف زرداری کی مشکلات میں مزید اضافہ ہونے جا رہا ہے

سینئیر صحافی و تجزیہ کار مظہر عباس نے سابق صدر کو بُری خبر دے دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 فروری 2019 13:16

آصف زرداری کی مشکلات میں مزید اضافہ ہونے جا رہا ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 فروری 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی و تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا کہ زرداری صاحب کی بظاہر مشکلات بڑھتی ہوئی نظر آ رہی ہیں اور وہ پریشان ہیں۔ نہ صرف سابق صدر آصف علی زرداری پریشان ہیں بلکہ ان کی ہمشیرہ فریال تالپور بھی پریشان ہیں۔ کیونکہ جے آئی ٹی اورایف آئی اے نے جو کام کیا تھا وہ کافی گہرائی میں کیا تھا ۔

یہ ایک الگ بات ہے کہ جب ٹرائل ہوتا ہے تو آپ کا کمزور مقدمہ بھی ایک اچھا وکیل مضبوط بنا دیتا ہے اور مضبوط مقدمے کو بھی وکیل کمزور بنا سکتا ہے۔ یہ تو ٹرائل ہو گا ریفرنس چلے گا پھر ہی معلوم ہو سکے گا لیکن نیب کا ریفرنسز کے حوالے سے ریکارڈ ماضی میں اچھا نہیں رہا۔ جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ جب نیب کے لوگ تفتیش کر رہے ہوتے ہیں تو ہمارے ہاں جو پولیس اور ایف آئی اے کی جانب سے تحقیقات ہوتی ہیں تو اُن میں کافی نقص پائے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے ملزمان کو شک کا فائدہ دے دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اعلیٰ عدلیہ میں اکثر یہ بات سننے کو ملتی ہے کہ تفتیش صحیح نہیں ہوئی۔ اس پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ آیا تفتیش اچھی نہیں ہوئی یا تفتیش اچھی نہیں کی گئی۔ ایک سیکشن ادھر سے اُدھر کرنے پر مسئلہ حل ہوجاتا ہے۔ کسی کو جیل بھجوانا ہوتو ایک سیکشن ایڈ کر دیں، یا کسی کو جیل سے باہر لانا ہو تو ایک سیکشن کی بنیاد پر ہی آپ کا کیس یا تو مضبوط ہو جائے گا یا پھر کمزور ہو جائے گا۔

یہی ہماری تفتیش کا حال ہے۔ مظہر عباس نے مزید کہا کہ نیب کے لیے چار ریفرنسز فائل کر کے انہیں منطقی انجام تک پہنچانا آسان نہیں ہو گا۔ اُس سے بہتر ہوتا اگر نیب کی جانب سے ایک یا دو ریفرنسز فائل کر کے کی اس اچھی تیاری کی جاتی ۔ کیونکہ آج کل میڈیا کا دور ہے ، اور ہر بات میڈیا پر آجاتی ہے جس سے کیس اور پراسیکیوشن کمزور ہو جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف آصف علی زرداری کی مشکلات میں اضافہ ہو گا لیکن دوسری جانب نیب کے لیے بھی یہ سب آسان نہیں ہو گا۔