بلوچستان میں جاری حالیہ بارشوں اور برفباری کے دوران 13افراد جاں بحق ،12زخمی

قلعہ عبداللہ، ہرنائی،خضدار میں 2ہزار گھر مکمل منہدم ،قلعہ عبداللہ میں 1970مکانات منہدم،564کو جزوی نقصان پہنچا ، : پنجگور میں سی پیک روڈ این85 کو بھی نقصان پہنچا ، پی ڈی ایم اے بلوچستان

پیر 4 مارچ 2019 16:56

بلوچستان میں جاری حالیہ بارشوں اور برفباری کے دوران 13افراد جاں بحق ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2019ء) بلوچستان میں جاری حالیہ بارشوں اور برفباری کے دوران 13افراد جاں بحق ،12زخمی ہوئے،قلعہ عبداللہ، ہرنائی،خضدار میں 2ہزار گھر مکمل منہدم ہوگئے، سب سے زیادہ قلعہ عبداللہ میں 1970مکانات منہدم،564کو جزوی نقصان پہنچا ہے، : پنجگور میں سی پیک روڈ این85 کو بھی نقصان پہنچا ،تفصیلات کے مطابق محکمہ پی ڈی ایم اے بلوچستان نے صوبے میں ہونے والی حالیہ بارشوں اور برفباری سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ہے، رپورٹ کے مطابق بارشوں کے پہلے دور میں 28فروری کو ضلع لسبیلہ میں 6افراد جاں بحق ہوئے جبکہ دوسرے دور کے دوران خضدار میں ایک جاں بحق چار زخمی ہوئے ،اسی طرح چمن میں بھی ایک جاں بحق جبکہ 4زخمی ہوئے ، مستونگ ، پشین ، چاغی ،دالبندین میں بھی ایک ایک شخص کی موت واقعہ ہوئی ،جبکہ قلات میں چار افراد زخمی ہوئے ،رپورٹ کے مطابق قلعہ عبداللہ میں 1970گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ 565عمارات جزوی طور پر متاثرہوئیںاس کے علاوہ 227دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ، کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس پر بھی 6گھر منہدم ہوئے جبکہ خضدار ، نوشکی ، ہرنائی ، کچلاک پشین میں گھروں ، عمارات ، ڈیمز ، پلوں کو بھی نقصان پہنچا ،آواران میں پی ٹی سی ایل سسٹم کو نقصان پہنچا رپورٹ کے مطابق مستونگ کے علاقے دشت میں 50بھیڑ بکریاں بھی ہلاک ہوئیں جبکہ سی پیک میں شامل N-85شاہراہ کو پنجگور کے مقام پر نقصان پہنچا ہے تاہم صوبے کی دیگر شاہراہیں اور ریلوے ٹریک کلیئرقرار دی گئی ہیں ، رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم اے نے نوشکی میں تین تین سو جبکہ زیارت میں پانچ پانچ سو ٹینٹ ،کمبل اور چٹائیاں بھی تقسیم کی ہیں ،محکمہ پی ڈی ایم کی جانب سے رپورٹ متعلقہ حکام کو بھی ارسا ل کردی گئی ہے