نواز شریف کی رہائی کی قیمت 300 بلین روپے ہے

سابق وزیراعظم نواز شریف تین سو بلین دے کر رہائی حاصل کر سکتے ہیں کیونکہ نیب کے اندر پلی بارگین کا قانون موجود ہے۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 7 مارچ 2019 12:11

نواز شریف کی رہائی کی قیمت 300 بلین روپے ہے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔07مارچ 2019ء) وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف رہائی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیب کے اندر قانون موجود ہے۔نواز شریف نیب قانون میں موجود پلی بارگین سے رہائی حاصل کر سکتے ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے کیس کا 300 بلین روپے بنتے ہیں اگر وہ دیں تو پھر عدالت فیصلہ ان کی رہائی کا فیصلہ کر سکتی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کچھ روز قبل دعویٰ کیا تھا کہ نواز شریف نے دو ارب ڈالرز پلی بارگین کی پیشکش کی ہے۔اور حسن اور حسین نواز نے اپنے والد کی مدد کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔اد رہے کہ نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کے دوران وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے بھی یہی دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیٹوں نے اپنے والد کو تنہاء چھوڑ دیا ہے، اور کوئی بھی شخص اس بات کی بآسانی تصدیق کروا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گذشتہ برس 24 دسمبر کو احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ ریفرنسز کا محفوظ کردہ فیصلہ سنایا تھا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید بامشقت، 5 ارب روپے جرمانہ اور دس سال کے لیے نااہلی کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو بری کر دیا گیا تھا جس کے بعد کمرہ عدالت میں موجود نیب حکام نے انہیں تحویل میں لے لیا تھا۔

سابق وزیراعظم نواز کو جیل کی قید، جرمانے، نااہلی اور جائیداد ضبطگی کے علاوہ بھی ایک اور سزا بھی دی گئی جس کا ذکر نیب کورٹ کے تفصیلی فیصلے میں کیا گیا۔ احتساب عدالت کی جانب سے جاری تفصیلی فیصلے کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف 10 سال تک کسی بھی بینک سے کسی بھی قسم کاقرضہ بھی حاصل نہیں کر سکیں گے۔