پاکستان کی خراب معاشی صورتحال کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

بدھ 13 مارچ 2019 16:56

پاکستان کی خراب معاشی صورتحال کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2019ء) مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کی خراب معاشی صورتحال کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ وزیر خزانہ اسد عمر معیشت کی بہتری کیلئے اسحاق ڈار سے مشورے لے،دی اکانومسٹ کی مہنگائی کے حوالے سے رپورٹ حکومت کیلئے لمحہ فکر ہے۔

فروری میں صارفین کے لیے مہنگائی کی شرح 56 مہینوں میں بلند ترین رہی ہے، اس دوران اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں4اعشاریہ 5 فیصد اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

روپے کی قدر میں کمی مہنگائی کا سبب بنی ہے۔ گیس اور بجلی کی اضافی قیمتیں بھی مہنگائی کا سبب ہیں۔رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ زرعی پیداوار کم ہونے سے بھی مہنگائی بڑھے گی، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ بھی مہنگائی کو بڑھائے گا۔

مہنگائی کی بڑھتی شرح حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔لہذا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ حکومتی اپنی ناکام معاشی پالیسی کا ازسرنو جائزہ لے اور معیشت کی بحالی کیلئے عملی طور پر اقدامات کرے ۔وزیر خزانہ اسد عمر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے معیشت کی بہتری کیلئے مشورے لیں تاکہ ملک معاشی بحران سے نکل سکے۔