وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایف بی آر کے ریڈار پر آ گئے

وزیر خارجہ نے جو اثاثہ جات ظاہر کئے وہ حقیقت سے بہت کم ہیں۔ ایف بی آر ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 13 مارچ 2019 17:27

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایف بی آر کے ریڈار پر آ گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 مارچ 2019ء) : وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ریڈار پر آ گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جو اثاثے ظاہر کیے وہ حقیقت کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔ اس حوالے سے ریجنل ٹیکس آفس ملتان نے ابتدائی معلومات ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کو پہنچا دی ہیں ۔

اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی آمدن اور اثاثہ جات کے حوالے سے ایف بی آر کو ظاہر کروائیں، اس کے مطابق شاہ محمود قریشی نے 20 لاکھ 68 ہزار آمدن اور 24 کروڑ 70 لاکھ 66 ہزار 876 کے اثاثے ظاہر کیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے الیکشن کمیشن میں بھی جو آمدن اور اثاثے ظاہر کیے ، حقیقت میں شاہ محمود قریشی اس سے کہیں زیادہ مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

(جاری ہے)

ایف بی آر ذرائع کے مطابق ایف بی آر تمام تر ریکارڈ وزارت خزانہ کو فراہم کر دے گا جس کے بعد ایک آرڈر پاس ہو گا اور پھر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو نوٹس جاری کیا جائے گا۔ اس نوٹس کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے پاس کمشنر اپیل دائر کرنے کے لیے 30 دن کا وقت ہو گا ۔ اور اپیل دائر نہ کرنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے اکاؤنٹس منجمد کر کے ریکوری کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ظاہر آمدن اور اثاثے حقیقی ریکارڈ سے کم ثابت ہونے پروفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف احتساب کا عمل بھی شروع ہو سکتا ہے۔ اور وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف نہ صرف ایف بی آر بلکہ نیب نے بھی انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔دوسری جانب شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بیرون ملک جائیداد بنانا ہمارا شیوہ نہیں ہے۔ ہمیں لندن میں فلیٹس اور کینیڈا کے پاسپورٹس نہیں چاہئیں۔ کہیں نہیں جانا پاکستان میں ہی رہیں گے ، عوام نے دیگر جماعتوں کو مسترد کر کے پاکستان تحریک انصاف پر اعتماد کیا۔