تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد ملک میں امن عامہ کی صورتحال بہتر ہوئی ہے‘عثمان بزدار

امن عامہ کی صورتحال میںبہتری سے غیرملکی سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے،قانون کی بالا دستی، میرٹ و شفافیت کا فروغ اور بد عنوانی کا خاتمہ ہمارا مشن ہے ،جس کیلئے آخری حد تک جائینگے،نظام میںاصلاحات کرکے پولیس پر عوام کا اعتماد بحال کریںگے وزیر اعلیٰ پنجاب سے وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم کی ملاقات،امن و امان کی صورتحال کیلئے کیے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال

جمعہ 15 مارچ 2019 19:01

تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد ملک میں امن عامہ کی صورتحال بہتر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے ملاقات کی ،جس میں امن و امان کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کیے گئے اقدامات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد ملک میں امن عامہ کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور حکومت کے ٹھوس اقدامات کے باعث ملک امن کی طرف گامزن ہے۔

امن عامہ کی صورتحال میں بہتری سے عالمی سطح پر ملک کاامیج بحال ہوا ہے اور پاکستان میں امن عامہ کی صورتحال میںبہتری سے غیرملکی سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے کیونکہ ملک میں امن کاروباری طبقے کیلئے معاشی استحکام کیلئے راہ ہموار کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ انصاف کی فراہمی اور قانون کی حکمرانی یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ قانون کی بالا دستی، میرٹ و شفافیت کا فروغ اور بد عنوانی کا خاتمہ ہمارا مشن ہے اور قانون کی بالا دستی اور عملداری کو یقینی بنانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں پولیس کو عوام دوست بنانے کیلئے اصلاحاتی ایجنڈے پرکام کر رہے ہیں، نظام میںاصلاحات کرکے پولیس پر عوام کا اعتماد بحال کریںگے۔انہوںنے کہا کہ پولیس نظام میں اصلاحات کا محورعوام کوفوری ریلیف اور انصاف فراہم کرنا ہے۔