پیپلز پارٹی عدالتوں کا احترام کرتی ہے ، احتساب سب کے لیے برابر ہونا چاہیے. راجہ پرویز اشرف

سعید غنی اور قمرالزمان کائرہ کا گرفتار جیالوں کی رہائی اور پولیس اہل کاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 20 مارچ 2019 13:04

پیپلز پارٹی عدالتوں کا احترام کرتی ہے ، احتساب سب کے لیے برابر ہونا ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 مارچ۔2019ء) سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر راہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عدالتوں کا احترام کرتی ہے ، لیکن احتساب سب کے لیے برابر ہونا چاہیے. تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی نیب میں پیشی کے موقع پر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دفاعی پوزیشن پر لانے کے لئے این ار او کاشوشہ چھوڑا جا رہا ہے‘انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن )کے صدر کے این آراو مانگنے کاعلم نہیں ہے، جس سے این آر او مانگا جارہا ہے وہ سامنے آئے‘ کوئی بھی کسی کو این آر او نہیں دے سکتا.

(جاری ہے)

راجہ پرویز نے یہ بھی کہا کہ کوئی بھی کبھی بھی بیمار ہوسکتا ہے، نواز شریف کی صحت پر سیاست کرنا اچھی بات نہیں ہے، ان کی رپورٹس تشویشناک ہیں. راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سیاستدانوں کو بغیر کسی ثبوت گرفتارکرلیاجاتاہے،گرفتاری کے بعدثبوت تلاش کرنااحتساب کے عمل پرسوال ہے‘کسی کو سیاسی مخالفت کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے سیاسی مخالفت کانشانہ بنانے سے جمہوریت کو خطرہ ہو گا.

انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حیرت ہے وزیر خزانہ نے کہا کہ ابھی عوام کی چیخیں نکلیں گی پتا نہیں کون پلاننگ کر رہا ہے اور کون ایسے فیصلے کر رہا ہے؟ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے راہنماﺅں نے بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی پیشی کے موقع پر گرفتار جیالوں کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا فواد چوہدری آنکھیں کھول کرجڑواں شہروں کے جیالوں کی طاقت دیکھیں، پورے ملک کے جیالے جمع ہوئے تو سلیکٹڈ گورنمنٹ کی بنیادیں ہلادیں گے.

وزیر بلدیات سندھ سعیدغنی اور سابق وفاقی وزیرقمرالزمان کائرہ نے بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی پیشی کے موقع پر گرفتار جیالوں کو فوری رہا کرنے اور پولیس اہل کاروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کردیا ہے. سعیدغنی نے کہا کہ فواد چوہدری صاحب 50 تانگوں کے برابر جیالے توگرفتار کرلئے ہیں، پی ٹی آئی تانگہ پارٹی ہے نہ ہی فوٹوشاپ سے جلسوں کی رونقیں بڑھاتی ہے. انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری آنکھیں کھول کرجڑواں شہروں کے جیالوں کی طاقت دیکھیں، پورے ملک کے جیالے جمع ہوئے تو سلیکٹڈ گورنمنٹ کی بنیادیں ہلادیں گے. قمرزمان کائرہ نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ فی الفور گرفتار جیالوں کو رہا کرے، تشدد، پتھراﺅ اور لاٹھی چارج سے ہمیں روکا نہیں جاسکتا.