ضمنی الیکشن میں سر کارکی مداخلت کیس ،

رکن اسمبلی زین قریشی نے غیر مشروط معافی مانگ لی ، الیکشن کمیشن نے کیس خارج کر دیا

بدھ 20 مارچ 2019 14:37

ضمنی الیکشن میں سر کارکی مداخلت کیس ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 218 ملتان میں ضمنی الیکشن میں سرکار کی مداخلت کیس میں رکن اسمبلی زین قریشی نے غیر مشروط معافی مانگ لی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے کیس خارج کر دیا ۔ بدھ کو پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 218 ملتان میں ضمنی الیکشن میں سرکار کی مداخلت کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے کی ۔

درخواست گزار ملک محمد ارشد کے وکیل اور رکن قومی اسمبلی زین قریشی کے وکیل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ۔ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ حلقے میں رکن قومی اسمبلی زین قریشی نے پبلک ٹرانسپورٹ کا افتتاح کیا۔ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ حلقے میں ترقیاتی منصوبوں پر پابندی کے باوجود حکومت ترقیاتی کام کرا رہی ہے۔

(جاری ہے)

وکیل زین قریشی نے کہاکہ حلقے میں کوئی بینر اور پوسٹر تک نہیں لگایا۔

چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ حلقے کا شیڈول کب جاری ہوا اور انتقال کر جانے والے ایم پی اے کا نام کیا ہے۔وکیل زین قریشی نے کہاکہ حلقے میں ضمنی انتخاب کا شیڈول 16 فروری کو جاری کہا گیا۔وکیل زین قریشی نے کہاکہ ملک مظہر عباس راں ایم پی اے تھے جو 16 جنوری کو انتقال کر گئے۔وکیل زین قریشی نے کہا کہ یہ منصوبہ سابق ایم پی اے کے وقت افتتاح کیا گیا۔

وکیل زین قریشی نے کہاکہ وفاق اور صوبے میں ان کی حکومت ہے۔ وکیل درخواستگزار نے کہاکہ تین مارچ کو حلقے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبے کا افتتاح کیا گیا۔وکیل درخواستگزار نے کہاکہ رکن قومی اسمبلی زین قریشی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔وکیل زین قریشی نے کہاکہ فیڈر بسیں ہیں جو شہریوں کو میٹرو بس اسٹیشنز تک پہنچاتی ہیں۔

وکیل زین قریشی نے کہا کہ پہلے وزیر اعلی کے حلقے تونسہ کو یہ بسیں بھیج دی گئیں کیوں کہ منصوبہ تیاری کے مرحلے میں تھا۔زین قریشی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سے کافی بحث کے بعد یہ بسیں واپس ملتان بھجوائیں گئیں۔چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ ہم اس منصوبے کو بند کرنے کے احکامات جاری کر دیتے ہیں، یہ منصوبہ 7 دسمبر 2018 کا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ کیا آپ نے جو افتتاح کیا ہے اس پر معذرت کرتے ہیں ،رکن قومی اسمبلی زین قریشی نے غیر مشروط طور پر الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے کیس خارج کر دیا۔