Live Updates

خیبر ایجنسی سمیت تمام نئے ضم شدہ اضلاع میں معدنیات کی لیزوں میں مقامی لوگوں کو پہلی ترجیح دی جائے گی ،امجدعلی خان

نئے قانون کے مطابق معدنیات کے لیز ہولڈر ایک سال کے اندر اندر معدنیات پر کام شروع کرے گا بصورت دیگر ان کا لیز منسوخ کرکے دوسرے ٹھیکیدار کو لیز پر دیا جائے گا،،،وزیرمعدنیات خیبرپختونخوا

ہفتہ 23 مارچ 2019 13:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ خیبر ایجنسی سمیت تمام نئے ضم شدہ اضلاع میں معدنیات کی لیزوں میں مقامی لوگوں کو پہلی ترجیح دی جائے گی اور مقامی لوگوں کو اعتماد میں لئے بغیر کسی کو معدنیات کا ٹھیکہ نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے نئے ضم شدہ اضلاع کا انفراسٹرکچر کافی خراب ہو چکا ہے یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ان اضلاع کی تعمیر نو اور بحالی کے کاموں میں کافی دلچسپی لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وہ پہلے وزیر ہیں جس نے خیبر ایجنسی کا دورہ کیا اور عوام کو ریلیف اور روزگار فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کا عزم کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کے شلوبر قومی کونسل کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وفد میں شلوبر قومی کونسل کے عبدلغنی آفریدی، خاجی اصغر خان، حاجی ابراہیم، گل ولی آفریدی اور علاقہ کے دیگر قبائلی عمائدین شامل تھے۔

وفد نے وزیر معدنیات کو تحصیل باڑہ کی معدنیات اور روزگار کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر معدنیات نے وفد کو ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی اور متعلقہ حکام کو ہدایت بھی کی کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ وزیر معدنیات نے کہا کہ نئے قانون کے مطابق معدنیات کے لیز ہولڈر ایک سال کے اندر اندر معدنیات پر کام شروع کرے گا بصورت دیگر ان کا لیز منسوخ کرکے دوسرے ٹھیکیدار کو لیز پر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر ایجنسی میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن کی وجہ سے سٹون کرشنگ مشینوں پر جو کام بند کیا گیا تھا اس پہ دوبارہ کام شروع کرنے کے لئے دوسرے سٹیک ہولڈرز سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ ان سینکڑوں مشینوں کو دوبارہ فعال کیا جائے اور ہزاروں غریب لوگوں کو روزگار کے موقع میسر ہوں۔ وزیر معدنیات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے عین مطابق ان کے دروازے غریب عوام کے لئے ہر وقت کھلے ہیں ان کی دلی خواہش ہے کہ اللہ کی رضا کے تحت اپنے فرائض منصبی میں صوبے کے عوام کی بلا امتیاز خدمت کریں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات