Live Updates

انتظامی بنیادوں پر نئے ا ضلاع بنانے کاجائزہ ، چیف سیکرٹری کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم :عثمان بزدار

گڈ گورننس اور پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری لا کر رہیں گے، پولیس اور انتظامیہ کے افسران حکومت کے دست وبازو ہیں - مسائل کے حل، گڈگورننس اور اچھی خدمات کی فراہمی کیلئے پولیس اور انتظامیہ عوام اور عوامی نمائندو ں سے مضبوط رابطے قائم کریں پولیس ، صحت اور تعلیم کے شعبوں کو خوب تر بنا کر عوام کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لا کر رہیں گے، ڈی سی اور ڈی پی او میری ٹیم کا حصہ ہیں چیف سیکرٹری کی افسران کو عوام تک رسائی بہتر بنانے کی ہدایت ،انتظامیہ او رپولیس کی منظم کاوشوں میں کامیابی پوشیدہ ہے،آئی جی پولیس اجلاس میں گڈ گورننس او رپبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کے لئے کمشنر ز، آر پی اوز ، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے تجاویز دیں

منگل 26 مارچ 2019 22:35

انتظامی بنیادوں پر نئے ا ضلاع بنانے کاجائزہ ، چیف سیکرٹری کی سربراہی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کااجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے عوام کو بہتر سروس ڈلیوری اور گڈ گورننس کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں انتظامی بنیادوں پر نئے ا ضلاع بنانے کاجائزہ لے رہے ہیں اور اس ضمن میں چیف سیکرٹری کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو صوبے میں انتظامی بنیادوں پر نئے ا ضلاع بنانے کا جائزہ لے گی۔

انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس اور پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری لا کر رہیں گے۔ پولیس اور انتظامیہ کے افسران حکومت کے دست وبازو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل، گڈگورننس اور اچھی خدمات کی فراہمی کیلئے پولیس اور انتظامیہ عوام اور عوامی نمائندو ں سے مضبوط رابطے قائم کریں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں بہتری حکومت کی ترجیحات میں اولین ہے۔

پولیس ، صحت اور تعلیم کے شعبوں کو خوب سے خوب تر بنا کر عوام کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لا کر رہیں گے۔ ماضی کی روایات کے برعکس انتظامیہ اور پولیس سیاسی طو رپر آزاد اور فیصلے کرنے میں خود مختار ہیں۔ انتظامیہ اور پولیس کو خود مختاری دینے کی ایسی مثال نہ پہلے تھی نہ آئندہ نظر آئے گی۔ صرف رویے بدلنے سے سروس ڈلیوری میں بہتری آنا شروع ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈی سی اور ڈی پی او میری ٹیم کا حصہ ہیں۔ عوام کی خدمت کرنے والے افسروں کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق غریب عوام کو ریلیف دیناہے اور تبدیلی لاکر دکھانی ہے اور گڈگورننس سے واضح تبدیلی نظر آنی چاہیئے تاکہ دوسرے صوبے پنجاب کی مثال دیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اورڈی پی او کو ایک ہی پیج پر ہونا چاہیئے، عدم تعاون کا رویہ قطاً برداشت نہیں۔

اچھے نتائج اور بہترین سروس ڈلیوری کیلئے پولیس اور انتظامیہ کو مل جل کر ایمانداری سے کام کرنا ہو گا اورترقیاتی منصوبوں کی نسبت انتظامیہ اور پولیس کے رویے بدلنے کا اثر دیر پا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو گڈ گورننس کے لحاظ سے ماڈل صوبہ بنائیں گے۔ پنجاب بھر میں بغیر اطلاع دورے کر کے سروس ڈلیوری کا خودجائزہ لوں گا اورعوام کے مسائل جاننے اور ان سے براہ راست رابطے کے لئے جدید آئی ٹی نظام سے بھی مدد لی جائے گی ۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری نے پبلک سروس ڈلیوری اور گڈ گورننس کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری نے افسران کو عوام تک رسائی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع میں ڈی سی، ڈی پی او اور محکموں کے سربراہان باقاعدگی سے کھلی کچہریاں لگائیں جبکہ کمشنر اورآرپی او متعلقہ ضلع کی کھلی کچہری میں شرکت کریں گے اور محکمہ مال عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ اچھاسول سرونٹ ہمیشہ غیر جانبدار ہوتا ہے۔ انتظامیہ او رپولیس کی منظم کاوشوں میں کامیابی پوشیدہ ہے۔ جہاں پولیس صحیح کام کرتی ہے وہی سوسائٹی کامیاب ہوتی ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں گڈ گورننس او رپبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے کمشنر ز، آر پی اوز ، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے تجاویز دیں۔ وزیراعلیٰ نے قابل عمل تجاویزپر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔ چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، سرگودھا او ر فیصل آباد ڈویژن کے کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے اجلاس میں شرکت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات