Live Updates

اختر مینگل کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ، تحفظات کا اظہار

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ نے لاپتہ افراد، بلوچستان میں پانی کا مسئلہ، افغان مہاجرین کی واپسی کا معاملہ اٹھایا میری سیاست کا مقصد 6 نکاتی ایجنڈا ہے، اگر 6 نکات پر عملدرآمد نہیں ہوتا تو حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں، اختر مینگل وزیراعظم عمران خان کا 29 اور 30 مارچ کو بلوچستان کا دورہ کرنے کا فیصلہ اخترمینگل سے دوبارہ ملاقات کا عندیہ دیا

منگل 26 مارچ 2019 23:22

اختر مینگل کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ، تحفظات کا اظہار
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ اخترمینگل نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور اپنے تحفظات کر اظہار کیا۔ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ اختر مینگل نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، اور لاپتہ افراد، بلوچستان میں پانی کا مسئلہ، افغان مہاجرین کی واپسی کا معاملہ اٹھایا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں بلوچستان سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ بلوچستان سے سینیٹ نشست پر ہونے والے اختلافات بھی زیر بحث آئے۔ اس موقع پر اخترمینگل کا کہنا تھا کہ میری سیاست کا مقصد 6 نکاتی ایجنڈا ہے، اگر 6 نکات پر عملدرآمد نہیں ہوتا تو حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے لاپتہ افراد کے حوالے سے اقدامات پر اختر مینگل کو اعتماد میں لیا اور ان کے 6 نکاتی مطالبات ماننے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے، لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے ادارے مشترکہ طور پر کام کررہے ہیں جبکہ بلوچستان میں پانی کا مسئلہ حل کرنے کا ٹاسک یار محمد رند کو دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے 29 اور 30 مارچ کو بلوچستان کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا، اور دورے کے دوران اخترمینگل سے دوبارہ ملاقات کا عندیہ دیا۔واضح رہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کی قومی اسمبلی میں 4 نشستیں ہیں اور 2018 کے انتخابات کے بعد اس نے حکومت میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات