حکومت اپنی ناکام گورننس کا بدلہ عوام سے نہ لے، خورشید شاہ کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید برہمی کا اظہار

پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں کمر توڑ اضافہ ہوگا،ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں شدید کمی سے حکومت کے معاشی ترقی کے دعووں کی قلعی کھل گئی ہے، پیپلز پارٹی کے رہنما کا بیان

پیر 1 اپریل 2019 14:36

حکومت اپنی ناکام گورننس کا بدلہ عوام سے نہ لے، خورشید شاہ کا پٹرولیم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں کمر توڑ اضافہ ہوگا،ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں شدید کمی سے حکومت کے معاشی ترقی کے دعووں کی قلعی کھل گئی ہے ۔

پیر کو پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے پرپیپلز پارٹی کے سنیئر رہنما خورشید شاہ نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں کمر توڑ اضافہ ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں شدید کمی سے حکومت کے معاشی ترقی کے دعووں کی قلعی کھل گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت کو وارننگ دیتا ہوں کہ وہ عوام سے جینے کا حق نہ چھینے ،حکومت اپنی ناکام گورننس کا بدلہ عوام سے نہ لے۔

انہوںنے کہاکہ حکومت ٹیکس نیٹ بڑھانے کی بجائے عوام کو سزا دینے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل میں اضافہ مسترد کرتی ہے۔خورشید شاہ نے کہاکہ بجٹ سے پہلے مہنگائی کا یہ طوفان عوام پر حکومت کا بدترین ظلم ہے۔انہوںنے کہاکہ حکومت پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لے۔