بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی متحدہے،وزیراعلی سندھ

میڈیا پر بیٹھ کر لوگ پتا نہیں کیا کیا باتیں کرتے رہتے ہیں،منظور وسان نے جو بات کہی وہ سوچ سمجھ کے کہی ہوگی،سید مراد علی شاہ کی سہون شریف میں میڈیا سے گفتگو

بدھ 3 اپریل 2019 22:57

بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی متحدہے،وزیراعلی ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سہون شریف کے دورے کے دوران سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا دورہ کیا- ڈائریکٹر سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر معین الدین صدیقی نے وزیراعلیٰ سندھ کا استقبال کیا- وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سید عبداللہ شاھ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں سٹی اسکین کا افتتاح کیا- اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ڈائریکٹر ڈاکٹر معین الدین صدیقی نے انسٹیٹیوٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی سردار سکندر علی راہپوٹو، میونسپل کمیٹی سہون کے چیئرمین سید آصف علی شاہ، پیپلز پارٹی رہنما سید محمد شاہ، پی پی تعلقہ صدر امان اللہ شاہانی، ڈی سی جامشورو فریدالدین مصطفی، ایس ایس پی جامشورو توقیرمحمد نعیم ، اسسٹنٹ کمشنر سہون نوراحمد کھوڑو، سید ذیشان حیدر شاہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پارٹی چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی متحدہے اور اس میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں میڈیا پر بیٹھ کر لوگ پتا نہیں کیا کیا باتیں کرتے رہتے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی شہیدذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی جماعت ہے جو ہمیشہ سے متحد رہی ہے اور پیپلز پارٹی سے جس نے بھی غداری کی تو یہ بات سب دیکھ چکے ہیں کہ عوام نے ان کا کیا حشر کیا۔سید اویس مظفر کی گرفتاری سے متعلق پو چھے گئے سوال پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سید اویس مظفر نے خود ہی کسی ٹی وی چینل پر آکر اس خبر کی تردید کی دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ایسی خبریں لوگوں کا دھیان ہٹانے کے لیے اڑائی جاتی ہیں جو زیاتیاں عوام کے ساتھ کر رہے ہیں اس کی تازہ مثال حالیہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے لگایاجاسکتا ہے ان باتوں کو چھپانے اور عوام کا دھیان ہٹانے کے لیے اس طرح کی جھوٹی خبر پھیلائی جاتی ہیں۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے محترمہ بے نظیر بھٹو کا نام ہٹائے جانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ جب آپ کسی بڑے عہدے پر ہو تو ہر بات سوچ سمجھ کے کرنا چاہیے کیونکہ اس ضمن میں پہلے ہی اسمبلی سے قانون پاس ہو چکا ہے جو ان لوگوں کو معلوم ہی نہیں تھا جب انہوں نے یہ بات کہہ دی تو اب ان کے وزراء وضاحتیں پیش کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ہمارا ایسا کوئی پروگرام نہیں- انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو خوش کرنے کے لئے ادھر یہ جھوٹ بولا گیا تھا یہ ان لوگوں کے منہ پر یہ ایک تھپڑ ہے۔

نواز شریف کے سیاسی مستقبل کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ میاں صاحب اپنے علاج کیلئے 6 ہفتے کی کورٹ بیل پر ہیں اس وقت وہ ضرور اپنا علاج کروانے میں مصروف ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ منظور وسان سیاسی سوچ کے حامل انسان ہیں وہ ایک سیاسی بصیرت رکھنے والے سیاستدان ہیں انہوں نے جو بات کہی وہ سوچ سمجھ کے کہی ہوگی۔