بھارت پاکستان پر بڑا حملہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں

ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتنی قربانیاں دیں لیکن ہمیں آج بھی دنیا کو بتانا پڑ رہا ہے کہ بھارت افغان انٹیلی جنس سے مل کر پاکستان میں دہشت گردی کراتا ہے۔ سابق وزیر داخلہ رحمان ملک

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 15 اپریل 2019 11:25

بھارت پاکستان پر بڑا حملہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 اپریل 2019ء) : سابق وزیر داخلہ اور چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ بھارت پورے خطے کا ایس ایچ او بننا چاہتا ہے۔آر ایس ایس چاہتی ہے کہ بھارت صرف ہندو رہیں باقی سکھ مسلمان یا کوئی کسی مذہب کے ماننے والے نہ ہوں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رحمان ملک نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں مزید کہا کہ اس وقت بھارت میں مودی کے خلاف کوئی بات نہیں کر سکتا کیونکہ آر ایس ایس کا خوف بھارتیوں پر طاری ہے۔

بھارت پاکستان پر بڑا حملہ نہیں کر سکتا کیونکہ وہ اس پوزیشن میں نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو توڑنے والا شخص بھی مودی ہے،ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان میں دہشت گردی پھیلائی،ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتنی قربانیاں دیں لیکن ہمیں آج بھی دنیا کو بتانا پڑ رہا ہے کہ بھارت افغان انٹیلی جنس سے مل کر پاکستان میں دہشت گردی کراتا ہے۔

(جاری ہے)

چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے مزید کہا کہ امریکا کے افغانستان میں مقاصد ہیں لیکن امریکا کا بنیادی مقصد ایشیا میں اپنا وجود برقرار رکھنا ہے۔اگر واشنگٹن اور طالبان کے مذاکرات کامیاب ہو جاتے ہیں تو کابل میں مضبوط افغان طالبان کی حکومت بن سکتی ہے۔اشرف غنی کی حکومت بہت کمزور ہو چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن ختم کرنے کا کوئی باضابطہ نظام موجود نہیں۔

کسی بھی اچھی گورننس کے لیے تین مرحلہ وار احتساب کا نظام ہونا چاہئیے۔ایک ایسا قانون بننا چاہئیے جس میں موجودہ حکومت کا بھی احتساب ہو۔آئندہ وقتوں میں موجودہ حکومت کے وزراء اور وزیراعظم کو بھی لوگ احتساب کے کٹہرے میں کھڑا دیکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ بات ثابت ہو جائے کہ محترمہ نے مشرف سے این آر او لیا ہے تو میں استعفیٰ دے دوں گا۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ بلاول بھٹو سیاست میں نیا ویژن لے کر آئیں گے۔