ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید طوفان، بارش اور ژالہ باری، تباہی مچ گئی، متعدد جاں بحق

کراچی، لاہور، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں آندھی، طوفان اور شدید بارش کے باعث کئی گھروں اور عمارتوں کی چھتیں گرنے کے واقعات، 15 افراد جاں بحق، عوام کو نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت

muhammad ali محمد علی پیر 15 اپریل 2019 20:51

ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید طوفان، بارش اور ژالہ باری، تباہی مچ گئی، ..
لاہور (ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اپریل2019ء) ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید طوفان، بارش اور ژالہ باری، تباہی مچ گئی، متعدد جاں بحق، کراچی، لاہور، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں آندھی، طوفان اور شدید بارش کے باعث کئی گھروں اور عمارتوں کی چھتیں گرنے کے واقعات، 15 افراد جاں بحق، عوام کو نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے بیشتر علاقے شدید طوفان، بارش، ژالہ باری کی زد میں ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی، بلوچستان، لاہور اور پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقے اس وقت شدید آندھی، طوفان، بارش اور ژالہ باری کی لپیٹ میں ہے۔ کراچی میں پیر کے روز 90 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواوں کے باعث آندھی طوفان کی صورتحال پیدا ہوگئی، جبکہ بعد ازاں شدید بارش بھی ہوئی۔

(جاری ہے)

کراچی میں شدید آندھی طوفان اور بارش کے باعث درخت، بل بورڈز اور گھروں و عمارتوں کی چھتوں کے گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

جبکہ ٹریفک حادثات کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے، جس کے باعث 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ دوسری جانب جنوبی پنجاب میں آندھی طوفان اور شدید بارش کے باعث مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق ہوئے۔ جبکہ شدید آندھی، طوفان اور بارش کے اس سلسلے نے رات کے وقت لاہور کا بھی رخ کیا ہے۔ دوسری جانب بلوچستان میں بھی شدید طوفانی بارشوں اورسیلابی ریلے کے باعث اب تک چار بچوں سمیت 9افراد جاںبحق جبکہ 30کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔ زیادہ تر اموات خانوزئی، لسبیلہ ؂، دکی، بارکھان اور بولان کے علاقوں میں ہوئیں۔ اس تمام صورتحال میں عوام سے اپیل کی گئی ہے وہ اپنی نقل و حرکت محدود کر دیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں بدھ تک ایسا موسم جاری رہنے کی پیشن گوئی کی ہے۔