ممکنہ دہشتگردانہ حملے ، امریکہ نے اپنے شہریوں کو پاکستان کا سفر کرنے سے روک دیا

امریکی شہری پاکستان کا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں۔ امریکہ کا انتباہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 17 اپریل 2019 11:16

ممکنہ دہشتگردانہ حملے ، امریکہ نے اپنے شہریوں کو پاکستان کا سفر کرنے ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اپریل 2019ء) : امریکہ نے دہشتگردانہ حملوں کے خدشے کے پیش نظر اپنے شہریوں کو پاکستان کا سفر کرنے سے گریز کرنے کا انتباہ جاری کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری انتباہ میں کہا گیا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں بلوچستان ، خیبرپختونخوا ، آزاد کشمیر اور پاک بھارت ملحقہ سرحدی علاقوں میں دہشتگردانہ حملوں کا شدید خطرہ ہے ۔

امریکی شہری ایسے حملوں کے خدشے کے پیش نظر پاکستان کاغیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی امریکہ نے اپنے شہریوں کو 35 ممالک کا سفر کرنے کے حوالے سے خبردار کیا تھا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے غیر معمولی سفری انتباہ میں بھارت،پاکستان، ترکی، چین اور ایران شامل ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے اس سفری انتباہ کے مطابق پاکستان میں امریکی شہریوں کو دو صوبوں میں جانے سے خبردار کرتے ہوئے کہا گیا کہ امریکی شہری پاکستان میں صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان نہ جائیں۔

امریکہ نے اپنے شہریوں کے لیے آزاد کشمیر اور پاک بھارت سرحد بھی نوگو ایریاز قرار دے دئے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق پاکستان میں امریکی شہریوں پر دہشت گردی اور اغواء کا خطرہ ہے ۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ایڈوائزی میں بھارت سے متعلق بھی انتباہ جاری کی گئی جس میں بتایا گیا کہ بھارت میں امریکی شہری جنسی تشدد، جرائم اور دہشتگردی کا نشانہ بن سکتے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امریکی شہری پاکستان کا سفر کرنے سے پہلے دوبارہ سوچیں، امریکی قونصلیٹ پشاور، اپنے شہریوں کو کوئی مدد فراہم نہیں کر سکے گا۔ ایڈوائزی میں کہا گیا کہ پاکستان، بھارت ممکنہ سرحدی کشیدگی کے خدشات ہیں، امریکی شہری پاک، بھارت سرحدی علاقوں سے دور رہیں۔ محکمہ خارجہ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کسی بھی ممکنہ دہشتگردی کے خطرات موجود ہیں۔ امریکی شہری پہلگام اور سری نگر جیسے علاقوں میں نہ جائیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ خطہ کشمیر میں امریکی شہری لائن آف کنٹرول سے بھی دور رہیں۔ خیال رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے اپنے شہریوں کو انتباہ ایک ایسے موقع پر جاری ہوا ہے جب پاکستان اور بھارت کے مابین حالات کشیدہ ہیں۔