پاکستان پوسٹ کا کراچی ، کوئٹہ ، پشاور ،لاہور کے بعد فیصل آباد سے بھی ایکسپریس میل سروس پلس کا آغاز،

فیصل آباد اور ریجن بھر کے دیگر شہروں کے باسی انتہائی ارزاں نرخوں پر امریکہ ، برطانیہ، آسٹریلیا ، جاپان ،کینیڈا ،چائنہ ،سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت دنیا بھر کے 173ممالک میں اپنے عزیز و اقارب کو 30کلو گرام تک سامان 72گھنٹوں کے اندر اندر پہنچا سکیں گے، ترجمان پاکستان پوسٹ فیصل آباد ریجن

بدھ 17 اپریل 2019 16:37

پاکستان پوسٹ کا کراچی ، کوئٹہ ، پشاور ،لاہور کے بعد فیصل آباد سے بھی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2019ء) پاکستان پوسٹ نے ملک کے اہم بڑے شہروں کراچی ، کوئٹہ ، پشاور ،لاہور کے بعد فیصل آباد سے بھی ایکسپریس میل سروس پلس کا آغاز کر دیا ہے جس کے ذریعے فیصل آباد اور ریجن بھر کے دیگر شہروں کے باسی دیگر انٹر نیشنل کوریئر کمپنیوں سے بہت کم نرخوں پر امریکہ ، برطانیہ، آسٹریلیا ، جاپان ،کینیڈا ،چائنہ ،سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت دنیا بھر کے 173ممالک میں اپنے عزیز و اقارب کو 30کلو گرام تک سامان 72گھنٹوں کے اندر اندر پہنچا سکیں گے ۔

پاکستان پوسٹ فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے بدھ کے روز اے پی پی کو بتایاکہ پاکستان پوسٹ کی ایکسپریس میل سروس پلس کی سہولت انتہائی برق رفتار ، محفوظ اور دیگر انٹر نیشنل کوریئر کمپنیوں بشمول ڈی ایچ ایل ، فیڈ یکس ، ٹی سی ایس وغیرہ سے کہیں سستی اور باکفایت ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ انٹر نیشنل کوریئر کمپنیاں 72گھنٹوں میں افغانستان ، البانیہ ، الجیریا ، ارجنٹائن ،آسٹریا ، آسٹریلیا، مصر ، شام ، ڈنمارک ، جاپان ،کینیا ، کویت ، کرغیزستان ، رومانیہ ،فلپائن ، قطر، سینی گال ،آزر بائیجان ،بحرین ، بنگلہ دیش ، بھوٹان، برازیل ،کینیڈا ، امریکہ ، برطانیہ ، سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات ، بھارت ، ایران ، عراق ، ہانگ کانگ ، آئر لینڈ ، ملائیشیاء ، مالدیپ ،موریطانیہ ،میکسیکو ، نیپال ،نیوزی لینڈ ، ناروے ، عمان ، زمباوے ، جنوبی افریقہ ، سری لنکا،سوئٹزر لینڈ، سویڈن، تھائی لینڈ،ترکی، ازبکستان سمیت دیگر 173ممالک کو 72گھنٹوں میں سامان کی محفوظ ترسیل نہیں کر پاتیں لیکن پاکستان پوسٹ نے یہ سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

انہوںنے بتایاکہ اب فیصل آباد اور ڈویژن کے دیگر اضلاع ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ ، جھنگ وغیرہ کے رہائشی، کاروباری و تاجر افراد اور عام شہری اپنے رشتہ داروں ، دوست احباب کو 72گھنٹوں کے اندر اندر انتہائی ارزاں نرخوں پر مطلوبہ سامان بحفاظت ارسال کر سکیں گے۔ انہوںنے بتایا کہ پاکستان پوسٹ نے حالیہ کچھ عرصہ کے دوران مختلف نئی سروسز کا آغاز کیا ہے جس پر عوام کا پاکستان پوسٹ پر اعتماد بحال اور خسارہ کم ہو رہا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ای ایم ایس پلس سروس ریجن کے تمام جی پی او میں شروع ہے جس کے تحت شہری بیرون ممالک اپنے عزیز و اقارب اور دوست احباب کو30کلو گرام وزن تک سامان بھجوا سکتے ہیں جس کے چارچز پرائیویٹ کور یئر ز کمپنیوں کے مقابلہ میں انتہائی کم ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر سروسز میں الیکٹرانک منی آ ر ڈرز، ای کامرس ، پارسل کی لائیو ٹریکنگ ، موبائل ایپ اور یوایم ایس سروس ، آج کی ڈاک آج ہی تقسیم سمیت مختلف سروسز جاری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد ضلع میں 90جبکہ سٹی فیصل آباد میں 28ڈاک خانے کام کررہے ہیں جن میں عملہ کی کمی کے باعث محکمہ کی کارکردگی کسی حد تک متاثر ہورہی ہے جس کو مزید بہتر بنانے کیلئی50فیصد اضافی عملہ درکار ہے ۔انہوں نے پاکستانی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان پوسٹ پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کریں کیونکہ یہ پاکستان کا پریمیئر ادارہ ہے جو عوام کی خدمت کیلئیدن رات اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔