جامعہ کراچی: شعبہ قرآن وسنہ میں تحقیقی لیکچر کا انعقاد

جمعرات 18 اپریل 2019 20:18

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) جامعہ کراچی کے شعبہ قرآن وسنہ میں ایک تحقیقی لیکچر کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت رئیسہ کلیہ معارف اسلامیہ نے کی اور صدر شعبہ ڈاکٹر زینت ہارون نے مہمانانِ گرامی کو خوش آمدید کہا۔ لیکچر میں پروفیسر ڈاکٹر ابوسفیان اصلاحی(ڈین فیکلٹی آف عربی اینڈ اسلامک اسٹڈیز ،علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ،انڈیا) نے قرآن فہمی کے جدید اسلوب اور جدت پسندی پر زور دیا۔

انہوں نے تفسیر قرآن بالقرآن اور تفسیر قرآن بالسیرت پر روشنی ڈالی۔ علاوہ ازیں سائنس اور ٹیکنالوجی میں مسلمانوں کی زبوں حالی پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زوردیا کہ دنیا میں ترقی کرنے کے لئے جدید علوم کا سیکھنا بہت ضروری ہے اور سرسید کے تعلیمی افکار اور ان کی قرآن فہمی پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

قرآن فہمی کے لئے زبان دانی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے عربی زبان کی اہمیت اور اُردو زبان کا عربی سے تعلق کی وضاحت کی اور ان دونوں زبانوں کو سیکھنے پر زور دیا۔

تقریب کے اختتام پر انہیں صدر شعبہ قرآن وسنہ ڈاکٹر زینت ہارون اور رئیسہ کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر شہناز غازی کی جانب سے شیلڈ پیش کی گئی اور ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔ تقریب میں نظامت کے فرائض شعبہ قرآن وسنہ کے ڈاکٹر سید غضنفر احمد نے سرانجام دیئے جبکہ ڈاکٹر عمران الحق کلیانوی نے دعا فرما کر تقریب کا اختتام کیا۔ تقریب میں کلیہ معارف اسلامیہ کے فیکلٹی ممبرز اور طلبہ وطالبات نے شرکت کی۔