Live Updates

ایک کے بعد ایک مشکل، پی ٹی آئی مشکلات سے دوچار

پی ٹی آئی کی 3 خواتین راہنماﺅں پر نااہلی کی توار لٹکنے لگی

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 19 اپریل 2019 07:12

ایک کے بعد ایک مشکل، پی ٹی آئی مشکلات سے دوچار
لاہور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اپریل2019ء) لگتاہے پی ٹی آئی حکومت کو چاند یا سورج گرہن لگ گیا ہے یہی وجہ ہے کہ وہ کوئی خاطر خواہ نتائج دینے میں کامیاب نظر نہیں آتی۔مشکل فیصلے بھی کیے گئے عوام کو ان کا سامنا مہنگائی اور بے روز گاری کی صورت میں بھی کرنا پڑا مگر نتیجہ کچھ نہ نکلا۔ بالآخر وزیراعظم عمران خان نے بہت سے وزیروں کی اکھاڑ پچھاڑ کر ڈالی کہ جو نتائج نہیں دے گاوہ کہیں گھر جائے گا۔

ایک طرف تو پی ٹی آئی کو معیشت سے لے کر دیگر کئی اہم امور پر مشکلات کا سامنا ہے تو دوسری طرف اپوزیشن بھی اپنی چالیں چل رہی ہے۔گزشتہ دن مسلم لیگ ن کی طرف سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی جس میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کی تین خواتین ارکان کو نااہل کیا جائے کیونکہ ان میں سے دو کے پاس دہری شہریت ہے جبکہ ایک نے الیکشن کمیشن کو اپنے اثاثہ جات غلط ڈکلیئر کیے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپوزیشن جماعت کی طرف سے دائر کی گئی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی خواتیں راہنماﺅں سے جواب طلب کر لیا اور انہیں نوٹس بھی بھیج دیا گیا ہے۔خواتین راہنماﺅں میں ملائکہ بخاری اور تاشفین صفدر سے متعلق کہا گیا ہے کہ وہ دہری شہریت رکھتی ہیں جبکہ کنول شوذب کو الیکشن کمیشن میں اثاثہ جات درست ڈکلیئر نہ کرنے کا ملتزم ٹھہرایا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج نے درخواست منظور کرتے ہوئے تینوں خواتین راہنماﺅں کو ایک ہفتے کے اندر تحریری جواب جمع کرانے کانوٹس جاری کر دیا ہے۔دیکھتے ہیں کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف یہ مسائل کب تک ختم ہوتے ہیں اور عوام کی حکومت کی طرف لگائی گئی امید کب تک بارآور ثابت ہوتی ہے۔یاد رہے کہ دہری شہریت کے کیس سب سے پہلے پی ٹی آئی نے ہی دوسری جماعتوں کے ارکان کے خلاف نااہلی کے لیے جمع کرانا شروع کیے تھے آج ویسے ہی کیس ان کے ارکان کے خلاف بھی دائر ہونے لگے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات