سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ملتوی

دورے کا شیڈول بھی عید کے بعد جاری کیا جائیگا، جونہی سعودی ولی عہد کے دورے کا شیڈول طے پاجائے گا وہ عوام کے سامنے لایاجائےگا،ترجمان دفتر خارجہ، دورہ اس وقت تک موخر ہوگیا ہے جب تک کہ دونوں فریقین باہمی رضامندی سے نئے عبوری شیڈول کا تعین نہیں کرلیتے

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 11 مئی 2024 10:41

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ملتوی
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 مئی 2024 ) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ایک ماہ کیلئے ملتوی کر دیاگیا،دورے کا شیڈول بھی عید کے بعد جاری کیا جائیگا،یہ دورہ اس وقت تک موخر ہوگیا ہے جب تک کہ دونوں فریقین باہمی رضامندی سے نئے عبوری شیڈول کا تعین نہیں کرلیتے،دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ جونہی سعودی ولی عہد کے دورے کا شیڈول طے پاجائے گا وہ عوام کے سامنے لایاجائےگا۔

اعلیٰ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے شہزادہ محمد بن سلمان حج اور عید الاضحیٰ کے فوری بعد پاکستان کا دورہ کریں چنانچہ اب ان کا دورہ جون کے تیسرے ہفتے میں ہوسکتا ہے، اس کا شیڈول بھی عید کے بعد ہی دونوں ممالک جاری کریں گے۔اس سے قبل سرکاری ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ سعودی ولی عہد 19 مئی کو پاکستان کے دو روزہ دورے پرآئیں گے۔

(جاری ہے)

سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران دی تھی جسے شہزادہ محمد بن سلمان نے قبول بھی کرلیا تھا۔

شہزادہ محمد بن سلمان پہلے بھی دومرتبہ پاکستان کے دورے پر آچکے ہیں۔خیال رہے کہ سعودی عرب سے 50 افراد پر مشتمل اعلیٰ سطح کا تجارتی وفدچند روز قبل پاکستان پہنچا تھا۔ دورے کے دوران پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا امکان ظاہر کیا گیاتھا۔سعودی شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات پر اسلام آباد پہنچا تھاوفاقی وزیرمصدق ملک اور جام کمال نے سعودی وفد کا استقبال کیا تھا۔

سعودی وفد 40 سے 50 افرد پر مشتمل تھا، سعودی وفدنے 2 روز پاکستان میں قیام کیاتھا جبکہ تجارتی وفد میں اہم شخصیات شامل تھیں۔سعودی تجارتی وفد پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقات کیں تھیں اور پاکستان میں تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقعوں کا جائزہ بھی لیاگیاتھا۔قبل ازیںوزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستان دورے کی دعوت دی تھی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمدبن سلمان سے ملاقات کی تھی جس میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق کیا گیاتھا۔دونوں رہنماو¿ں نے مکہ مکرمہ میں ہونے والی ملاقات میں کئے گئے فیصلو ں پر اظہار اطمینان کیاتھا۔ وزیر اعظم نے اعلیٰ سطح کا وفد بھیجنے، سرمایہ کاری کے حوالے سے شکریہ ادا کیا تھا۔وزیر اعظم نے شاندار میزبانی، سرمایہ کاری کے حوالے سے جامع پروگرام دینے پر اظہار تشکر کیاتھا۔