Live Updates

اشرافیہ کو غریبوں کی کوئی فکر نہیں، عمران خان کی قیادت میں کیے گئے وعدے ضرور پورے کرینگے‘چوہدری محمد سرور

اگر صرف ایک ملین سکھ کمیونٹی ہی پاکستان آئے تو ہمیں سیاحت کے شعبہ میں 2 بلین ڈالر تک فائدہ ہو سکتا ہے‘گورنر پنجاب

ہفتہ 20 اپریل 2019 19:00

اشرافیہ کو غریبوں کی کوئی فکر نہیں، عمران خان کی قیادت میں کیے گئے وعدے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2019ء) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ عمران خان نے کرتار پور بارڈر کھول کر تاریخی فیصلہ کیا،اس فیصلہ سے عمران خان نے سکھوں کے دل جیت لیے ہیں،میں نے بیرون ملک دورہ میں سکھ کمیونٹی سے ملاقاتیں کیں تو انہوں نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا، اگر صرف ایک ملین سکھ کمیونٹی ہی پاکستان آئے تو ہمیں سیاحت کے شعبہ میں 2 بلین ڈالر تک فائدہ ہو سکتا ہے، دنیا کے کئی ملکوں کی معیشت سیاحت پر انحصار کرتی ہے،ہم بابا گرو نانک کے جنم دن پر سکھوں کو بڑا تحفہ دیں گے، میری خواہش ہے کہ پاکستان میں کوئی ایک بھی شخص صاف پانی سے محروم نہ رہے،ملک میں اس وقت ایک کروڑ سے زائد افراد پینے کے صاف پانی کو ترس رہے ہیں، ہم پلانٹس لگا کر نوجوان نسل کو صحت مند دیکھنا چاہتے ہیں، اب تک دو سو فلٹریشن پلانٹس لگا کر پندرہ لاکھ افراد کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وطن واپسی پر تلہ گنگ پریس کلب میں سرور فاونڈیشن کے تعاون سے لگنے والے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کے موقع پر کیا۔ واٹر فلٹریشن پلانٹ سے لگ بھگ دو لاکھ افراد مستفید ہونگے۔ سوالات کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک دورہ کے تین مقاصد تھے۔ بیرون ملک مقیم پی ٹی آئی کارکنوں کا شکریہ ادا کرنا تھا جنہوں نے پی ٹی آئی کو سپورٹ کیا۔

دوسرا ان کو اپنے وطن میں سرمایہ کاری کی دعوت دینی تھی۔ ان کو اس بات پر تیار کرنا تھا کہ وہ وہاں کی لوکل سیاست میں حصہ لیں کیونکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اگر لوکل سیاست میں حصہ لیتے ہیں تو اس سے پاکستان کو فائدہ ہو گا۔ جب میں برطانیہ کی سیاست میں داخل ہوا تو اس وقت برطانیہ پاکستان کو صحت اور ایجوکیشن کے شعبہ میں 20 ملین پاونڈ امداد دیتا تھا اور جب میں کئی سالوں بعد پاکستان آیا تو امداد بڑھ کر 400 ملین پاونڈ ہو چکی تھی یہ سب لوکل سیاست میں حصہ لے کر نمائندگی کرنے کی بدولت ہی ممکن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی اشرافیہ کو غریبوں کی کوئی فکر نہیں، عمران خان کی قیادت میں جو وعدے کئے گئے وہ ضرور پورے کرینگے۔ انشاء اللہ دسمبر تک پنجاب کے 50 لاکھ لوگوں کو پینے کا صاف پانی کی سہولت بھی مہیا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی بدولت بیرون ممالک میں اب پاکستان کی بات توجہ سے سنی جاتی ہے جبکہ اس سے قبل بین الاقوامی سطح پر صرف انڈیا کے موقف کو پذیرائی ملتی تھی۔ دنیا بھر عمران خان کو سچے اور ایماندار لیڈر کے طور پر جانا جاتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ غریب اپنے پاوں کھڑے ہو سکیں اور پاکستان کے عوام کا وقار بھی دنیا بھر مین بلند ہو۔ انشاء اللہ ہم غریب عوام کیلئے ہر قسم کی سہولیات دینے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات