وفاقی کابینہ کو دیکھ کر یہی لگتاہے اب بھی پیپلز پارٹی کی حکومت ہے ،موجودہ حکومت سابقہ حکومتوں کا ہی نیو ایڈیشن ہے‘ سراج الحق

وزارت خزانہ ورلڈ بنک کے اشارے پر ایسے لوگوں کے حوالے کی جارہی ہے جو پہلے بھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے اشاروں پر چلتے رہے ہیں کابینہ میں لیے گئے لوگ دیگ کے وہ چند چاول ہیں جنھیں دیکھ کر پوری دیگ خراب ہونے کی گواہی ملتی ہے‘ امیر جماعت اسلامی کا خطاب

ہفتہ 20 اپریل 2019 20:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2019ء) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ وفاقی کابینہ کو دیکھ کر یہی لگتاہے کہ اب بھی پیپلز پارٹی کی حکومت ہے ، جن لوگوں پر کرپشن کلچر عام کرنے اور قومی خزانے کو لوٹنے کے الزامات ہیں وہ پی ٹی آئی حکومت کی کابینہ میں بیٹھے ہیں ،حالات نے ثابت کردیاہے کہ موجودہ حکومت سابقہ حکومتوں کا ہی نیو ایڈیشن ہے، پی ٹی آئی حکومت کو اب صاف دامن لوگوں کی حکومت کون تسلیم کرے گا ، پی ٹی آئی کے ووٹرز اور سپورٹر بھی حیران ہیں کہ ان کو کیا خواب دکھائے گئے اور ہو کیارہاہے ، عوام پر گزرے حکومت کے 244 دن اتنے مشکل ہیں کہ ہر آنے والا دن دوسرے دن پر بھاری رہا،حکومت اپنے تمام وعدے اور دعوے بھول چکی ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے چکدرہ میں الخدمت فائونڈیشن کے زیراہتمام یتیم بچوں کی پرورش ، مفت تعلیم اور رہائش کے پراجیکٹ ’’آغوش ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ موجودہ حکومت ملکی تاریخ کی ناکام ترین حکومت ہے جو محض آٹھ ماہ کے اندر ہی اپنا ٹیمپو لوز کر بیٹھی ہے ۔ عوام کے مستردکردہ لوگوں کو کابینہ میں بٹھا کر حکومت کون سی تبدیلی لانا چاہتی ہے ۔

کابینہ میں لیے گئے لوگ دیگ کے وہ چند چاول ہیں جنھیں دیکھ کر پوری دیگ خراب ہونے کی گواہی ملتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ وزارت خزانہ ورلڈ بنک کے اشارے پر ایسے لوگوں کے حوالے کی جارہی ہے جو پہلے بھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے اشاروں پر چلتے رہے ہیں اور اب بھی انہیں قومی معیشت کی بہتری کے بجائے عالمی مالیاتی اداروں کے مفادات کی تکمیل کا ایجنڈا پورا کرنے کے لیے ہی لایا گیاہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت مسائل حل کرنے کی بجائے اپوزیشن سے لڑنا اپنا فرض سمجھتی ہے ۔ حکمرانوں کو عوام کی پریشانیوں اور مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں دو اور تین سو گنا اضافہ حکمرانوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ وزیراعظم نے قوم کو 72 گھٹنے دیے تھے کہ قیمتیں واپس پہلی جگہ پر آ جائیں گی مگر کئی دن گزر نے کے بعد بھی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں ہوسکی ۔

حکومت آئے روز بجلی ، گیس اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالتی اور غریب کا خون نچوڑ رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں ایک نیا ٹیکس وصول کیا جارہاہے جسے ’’ گیس مہنگی ٹیکس ‘‘ کا نام دیا جارہاہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ الخدمت فائونڈیشن ملک بھر میں یتیم بچوں کی پرورش کفالت اور تعلیم و صحت کے پراجیکٹ چلارہی ہے جن میں دس ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت ہورہی ہے ۔ انہوںنے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ بیوائوں ، یتیموں اور مسکینوں کی کفالت کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔