Live Updates

پنجاب کا اگلا وزیر اعلیٰ کون ہو گا؟کاﺅنٹ ڈاﺅن شروع

چوہدری نثاراور پرویز الہٰی سمیت کئی نام دوڑ میں،لندن، لاہور اور اسلام آباد متحرک

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 21 اپریل 2019 06:52

پنجاب کا اگلا وزیر اعلیٰ کون ہو گا؟کاﺅنٹ ڈاﺅن شروع
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اپریل 2019ء) جس دن سے عثمان بزدار کو وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب بنایا تھا اسی دن سے عثمان بزدار پر تنقید شروع ہو گئی تھی۔عثمان بزدار کے نام پر اپوزیشن اور دیگر حلقے تو حیران ہوئے ہی تھے تاہم پی ٹی آئی کے بھی کافی ممبران پریشان رہے تھے۔ویسے تو آج تک کسی نے عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ کے طور پر دل سے قبول نہیں کیا چونکہ عمران خان صاحب اپنے فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹتے اس لیے مجبوراً سب کو قبول کرنا پڑ رہا ہے۔

جب سے پی ٹی آئی کی حکومت بنی ہے تب سے ہی پارٹی کے اندر گروپنگ اور لابی سسٹم متحرک ہو گیا ہے تاہم گزشتہ کچھ دنوں سے جب سے وزارتوں کی تقسیم اور تبدیلی شروع ہوئی تو کھینچا تانی کچھ زیادہ ہی شروع ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

اب اگلی بڑی تبدیلی کے حوالے سے صوبہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کی کرسی پر سب نے نظر جما کھی ہے۔وزیر اعلیٰ تبدیل کرنے کے لیے اپوزیشن بھی خاصی متحرک نظر آتی ہے اور اسی حوالے سے شہباز شریف لندن پہنچے ہوئے ہیں جہاں وہ اہم ملاقاتیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

دوسری طرف حمزہ شہباز لاہور میں بیٹھ کر مختلف ممبران اسمبلی کو ورغلانے میں مصروف ہیں۔اب اس دوڑ میں سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار صاحب بھی شامل ہونے جا رہے ہیں۔وہ24اپریک کے بعد صوبائی اسمبلی کے رکن کا حلف اٹھائیں گے اور یوں وہ بھی پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے مستحق بن جائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف چوہدری نثار اور چوہدری پرویز الہٰی دونوں کو سی ایم بننے کی دعوت دے رہے ہیں کہ اگر وہ سی ایم بننا چاہتے ہیں تو ن لیگ کے ووٹ ان کے لیے حاضر ہیں۔

دوسری طرف جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی بھی اپنی گروپنگ کو بڑھاوا دینے میں مصروف ہیں جبکہ عمران خان صاحب بظاہر عثمان بزدار کو تبدیل کرتے نظر نہیں آتے۔اب پنجاب کی قسمت کا فیصلہ کیا ہوتا ہے یہ آئندہ چند ہفتوںمیں پتا چل جائے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات