کراچی میں انٹر کے پرچے آوٹ، رینجرز طلب، پیپر منسوخ

پرچہ شروع ہونے پہلے سوشل میڈیاپر موجود تھا جبکہ اس کے ساتھ حل شدہ جوابات بھی سوشل میڈیا پر موجود تھے

منگل 23 اپریل 2019 16:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2019ء) انٹر بورڈ کراچی کی انتظامیہ بے بس ہو گئی، کراچی میں انٹر میڈیٹ کے امتحانات کے تحت ہونے والا اردو کا پرچہ اول اور ریاضی ٹو کا پرچہ آوٹ ہو گیا۔منگل کو ہونے والا انٹر کا اردو پرچہ اول امتحانی مراکز پہنچنے سے پہلے ہی نقل مافیا تک پہنچ گیا،پرچہ شروع ہونے پہلے سوشل میڈیاپر موجود تھا جبکہ اس کے ساتھ حل شدہ جوابات بھی سوشل میڈیا پر موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت جاری امتحانات میں انٹر کا ریاضی ٹو کا پرچہ بھی امتحانی مراکز پہنچنے سے پہلے نقل مافیا تک پہنچ گیا۔یہ پرچہ بھی شروع ہونے سے 40 منٹ قبل سوشل میڈیاپر موجود تھا جبکہ اس کے ساتھ حل شدہ جوابات بھی سوشل میڈیا پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

کراچی میں اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت امتحانات کھیل بن گئے، نقل مافیا کو کوئی لگام نہ ڈال سکا، انٹر بورڈ انتظامیہ بے بس ہوگئی۔

دوسری جانب کراچی کے ایس ایم سائنس کالج اور ایس ایم آئی یونیورسٹی کی انتظامیہ کے درمیان تلخ کلامی ہونے کے باعث ایس ایم سائنس کالج میں انٹر لا کا پرچہ شروع نہیں ہوسکا جسے بعد میں منسوخ کر دیا گیا۔صورت حال پر قابو پانے کے لیے رینجرز اورپولیس کی نفری ایس ایم سائنس کالج پہنچ گئی، ایس ایم سائنس کالج اور ایس ایم آئی یو کی انتظامیہ نے ایک دوسرے پر توڑ پھوڑ اور تشدد کے الزامات لگا دیئے۔