جامعہ اردوکے تدریسی و غیر تدریسی ملازمین اپنے فرائض نہایت محنت اور ایمانداری سے انجام دے رہے ہیں،ڈاکٹرایس الطاف حسین

جمعرات 25 اپریل 2019 19:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) وفاقی اردو یونیورسٹی کی آفیسر ویلفیئر ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری کا آغاز اقبال احمدنے تلاوت قرآن پاک سے کیا جبکہ زاہد انصاری نے ہدیہ نعت پیش کی۔اس موقع پر جامعہ اردو کے وائس چانسلرڈاکٹر ایس الطاف حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کے تدریسی و غیر تدریسی ملازمین اپنے فرائض نہایت محنت اور ایمانداری سے انجام دے رہے ہیںجس کے باعث جامعہ ترقی کی منازل طے کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین سالوں میں جامعہ کی انتظامیہ کے ساتھ مل کرملازمین کے جائز مسائل حل کئے اورمستقبل میں بھی ملازمین کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے تاکہ ملازمین مزید تندہی کے ساتھ کام انجام دے سکے اور اساتذہ و طلبہ پرسکون ماحول میں تعلیم و تدریس میں مصروف عمل رہیں۔

(جاری ہے)

ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ مل کر جامعہ کی تعمیر و ترقی میںبھر پور حصہ لیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم جامعہ کو ایسی درسگاہ بنائیں گے جہاں داخلہ لینا نہ صرف طلبہ بلکہ ان کے والدین کے لئے بھی باعث فخر ہوگا۔ شیخ الجامعہ ڈاکٹر ایس الطاف حسین نے آفیسر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران صدر امیر فاروقی، سینئرنائب صدر کمال فاروق، جنرل سیکریٹری سید جمال ناصر،نائب صدر ابراہیم عباسی،جوائنٹ سیکریٹری علی مہدی، ڈپٹی جنرل سیکریٹری خرم مشتاق ،آفس سیکریٹری محمد متین بلوچ، پریس سیکریٹری سید دانش علی ، نائب پریس سیکریٹری عبدالواجداور خزانچی مقصود احمد فاروقی سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔

تقریب میں رجسٹرار ڈاکٹر محمد صارم،رئیس کلیہ سائنس پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد ،محمد صدیق،انجمن غیر تدریسی ملازمین کے صدر محمد عدنان اختر،ناظم امتحانات غیاث الدین احمد، ٹریثرار دانش احسان، اسلام آباد کے لیگل اسسٹنٹ عنصر نذیر،اکبر خان،جامعہ کراچی کے طاہر خان اورانجمن غیر تدریسی ملازمین گلشن اقبال و عبدالحق کیمپسز کے عہدیداران بھی موجود تھے ۔

اس موقع پرآفیسر ویلفیئر ایسوسی ایشن صدرامیر فاروقی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں گلدستے پیش کئے۔انہوں نے کہا کہ آفیسر ویلفیئر جامعہ کی ترقی کے لئے انتظامیہ کے شانہ بشانہ کام کرے گی۔ امید ہے انتظامیہ ملازمین کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرتی رہے گی تاکہ وہ یکسوئی سے اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔اس موقع پر آفیسر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری سید جمال ناصر نے ایسوسی ایشن کا سپاس نامہ پیش کیا۔محمد عدنان اختر نے مہمانوں اورآفیسر ویلفیئر کے عہدیداروںکو اجرک کا تحفہ پیش کیا۔پروگرام میںا ساتذہ اورغیر تدریسی ملازمین کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔