لوٹ مار،بدترین مہنگائی،بے روزگاری کے خلاف بھی کوئی آپریشن ضرب عضب ہونا چاہیے،مولانا عبدالحق ہاشمی

اتوار 28 اپریل 2019 20:25

ں*کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2019ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ لوٹ مار،بدترین مہنگائی،بے روزگاری کے خلاف بھی کوئی آپریشن ضرب عضب ہونا چاہیے ۔حکومتی نااہلی و معاشی دہشتگردی نے ہر پاکستانی کو متاثر کیاہے ۔ حکمرانوں نے غریب عوام سمیت بلوچستان کو بھوک وخوف کی دلدل میں دھکیل دیاہے ۔

آٹھ ماہ سے حکومت نے غیر سنجیدہ رویہ اپنا رکھاہے ۔ بادشاہت کی بجائے ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کی جائے ۔ حکومت کی موجودہ پالیسیاں پسماندگی غربت وبے روزگاری کی جانب گامزن ہے انہوں نے کہا کہ حکومت سابقہ حکمرانوں کی نااہلی اور افسروں کی خود سری کے بہانوں کے پیچھے چھپ نہیں سکتی ۔ حکمران طبقہ اپنی بادشاہت قائم کرنے کے لیے سرکاری افسروں کی اکھاڑ پچھاڑ میں لگا رہتا ہے اور عوامی مسائل حل ہونے کی بجائے بڑھتے بڑھتے گھمبیر صورت اختیار کر لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

جس طرح دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے آپریشن ضرب عضب کیا گیا اسی طرح مہنگائی کے خلاف بھی آپریشن کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت عوام کو ریلیف دے اور رمضان سے قبل مہنگائی میں کمی کر کے اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں دسمبر 2018 ء کی سطح پر لائے تاکہ غریب بھی رمضان کی برکتوں کو سمیٹ سکیں ۔ حکومت کو بھی سونامی کا ورد چھوڑ کر اللہ سے استغفار، کسانوں کی مدد اور ان کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے ۔

سی پیک سے بلوچستان کی ترقی کا نوجوانوں اور پسماندگی کے شکار عوام ثمر حاصل نہیں کر رہے ۔قومی ایکشن پلان پر ریونیو ناگزیر ہے۔ بلوچستان میں باپ اور لے پالک بیٹوں کے جھگڑوں سے دادا بھی عاجز اور پریشان ہے ۔ بلوچستان کے عوام غربت ، بے روزگاری ، مہنگائی ، بدامنی اور سرکاری دفاتر کی خواری سے انتہائی پریشان ہیں ۔ صوبہ بھرمیں بجلی ، تعلیم،روزگار،صحت جیسی بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے ۔

حکومت عوام کو تعلیم ، صحت عامہ جیسی بنیادی سہولتیں فراہم کرے ۔ جماعت اسلامی اقتدار کے قلعوں کو نہیں ، عوام کے دلوں کو فتح کرنا چاہتی ہے ۔ پاکستان کے عوام اور خاص طور پر سیاسی کارکنوں نے ایک ایک کر کے تمام سیاسی جماعتوں کو آزما لیاہے مگر کسی جماعت نے بھی ان کے مسائل کو حل نہیں کیا بلکہ عوام کی پریشانیوں اور مشکلات میں اضافہ کیا۔قومی پارٹیوں کے کارکن قابل رحم ہیں جنہوں نے اپنی پارٹیوں کو بارباراقتدار میں لانے کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں مگر جب پارٹیاں اقتدار میں آئیں تو کارکنوں کی امیدوں اور توقعات کا خون کیا ۔

ان کے خواب چکنا چور ہو ئے ۔ جماعت اسلامی ان سیاسی کارکنوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہے اور انہیں دعوت دیتی ہے کہ ملک و ملت کی بگڑی سنوارنے کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شامل ہو جائیں ۔ جماعت اسلامی کبھی انہیں مایوس نہیں کرے گی