جونیئر زرداری کی جماعت نے غریبوں کے پلے چھوڑا ہی کیا ہے؟

ڈاکٹر عاصم اور شرجیل میمن جیسے کردار انہی کرپٹ لوگوں کی وجہ سے مسلط ہوئے،مراد سعید نے بلاول بھٹو کو کھری کھری سناڈالیں

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 2 مئی 2019 06:14

جونیئر زرداری کی جماعت نے غریبوں کے پلے چھوڑا ہی کیا ہے؟
لاہور۔ (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مئی2019ء) جواب پہ جواب اور تنقید پہ تنقید لفظوں کی گولہ باری حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تو جار رہتی ہی ہے تاہم عملی طور پر مضبوط اپوزیشن اور حکومتی رٹ کا سامنا کہیں بھی دکھائی نہیں دیتا۔دعوے کرنے میں تو ہر ایک جماعت غریبوں کی ہمدرداور مسیحا بننے کا پیغام دیتی نظر آتی ہے مگر حقیقت میں عوام کے دکھوں کا مداوا کوئی نہیں کرنا چاہتا۔

بس ہمدردی کارڈ استعمال کر کے الیکشن جیتنے کے لیے یہ سیاستدان ڈھونگ رچاتے ضرور نظر آتے ہیں۔پی ٹی آئی نے بھی حکومت میں آنے سے پہلے عوام سے کچھ ایسے ہی وعدے کیے تھے مگر سابقہ حکومتوں کی طرح یہ وعدے بھی ہوا ہو گئے۔حکمران اور اپوزیشن ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف عمل ہیں جب کہ عوام دہائیاں دیتے نظر آتے ہیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو کی تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے حوالے سے کی گئی تنقید کاجواب حکومت کی طرف سے نوجوان راہنما مراد سعید نے دیا۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ جونیئر بلاول کن غریبوں کے حقوق کی بات کرتے ہیں ان کی پارٹی نے کرپشن اور لوٹ مار کا وہ بازار گرم کیا کہ غریبوں کے پلے ہی کچھ نہیں چھوڑا۔بلاول کے والد نے سندھ اور پنجاب میں جعلی اور بے نامی اکاﺅنٹس کا وہ جال بچھایا کہ اس کی مثال نہیں ملتی جبکہ ڈاکٹر عاصم اور مراد علی شاہ جیسے لوگوں سمیت شرجیل میمن جیسے کردار معاشرے پر مسلط کیے گئے جوقوم کا خزانہ لوٹ کر کھا گئے۔

بلاول کی پھوپھواور صادق سنجرانی جیسے لوگوںنے عوام کے لیے وہ عذاب پیدا کیا کہ آج بھی عوام کی حالت نہیں سدھر سکی۔مراد سعید نے بلاول بھٹو پر طنز کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ آپ کن حقوق اور عوام کی ہمدردی کی بات کرتے ہوئے آپ کے والدین اتنا عرصہ حکمت میں رہے انہوں نے عوام کے لیے کیا کیاالٹا ان کا پیسا لوٹ کر کھا گئے۔پہلے آپ اپنے باپ کی کرپشن کا حساب دو پھر دوسروں کے بارے میں بات کرنا۔