پی آئی اے کے اے ٹی آر طیاروں کے انجن بند ہونے کا معاملہ،سول ایوی ایشن کے وکیل نے وکالت نامہ جمع کرادیا

جمعرات 2 مئی 2019 18:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2019ء) سندھ ہائی کورٹ میں دوران پرواز پی آئی اے کے اے ٹی آر طیاروں کے انجن بند ہونے کا معاملہ،سول ایوی ایشن کی جانب سے محمد ابراہیم سومرو ایڈووکیٹ نے وکالت نامہ داخل کرا دیا۔

(جاری ہے)

سول ایوی ایشن کی جانب سے جواب جمع کرانے کی مہلت طلب کی جس پر عدالت نے اپنی آبزرویشن میں کہا کہ جواب جمع کرانے کی آخری مہلت دے رہے ہیں،2016 سے معاملہ زیر التوا ہے، اب تک جواب جمع نہیں کرایا جا رہا،عدالت نے سول ایوی ایشن و دیگر حکام کو 3 ہفتے میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی ،درخواست گزار کا موقف ہے کہ عدالت نے 29 مارچ کو ماہرین کو طلب کیا تھا،پی آئی اے کی 60 سالہ تاریخ میں 55 طیارے حادثات کا شکار ہوچکے ہیں،اے ٹی آر طیاروں کی پرواز کے دوران انجن بند ہونے کے 20 واقعات ہوچکے ہیں،7 دسمبر 2016 PK-661 بھی انجن بند ہونے کی وجہ سے حادثہ ہوا،حادثہ میں مزہبی اسکالر جنید جمشید سمیت 47 افراد جاں بحق ہوئے،حادثہ ہونے کے بعد انکوائری کی گئی جس کا نتیجہ اب تک نہیں نکلا،طیاروں کو مخدوش حالت میں خریدنا اور اڑانا مسافر اور عملہ کی جان سے کھیلنا ہے،پی کے 661 حادثہ کے بعد سول ایوی ایشن کی رپورٹ میں بھی خوفناک انکشافات ہوچکے ہیں۔