Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت آج بھی رابطے کر رہی ہے

مجھے کہا جارہا ہے کہ تحریک انصاف کے دروازے آج بھی آپ کے لیے کھُلے ہیں۔ جاوید ہاشمی کا دعویٰ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 4 مئی 2019 14:25

پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت آج بھی رابطے کر رہی ہے
ملتان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 مئی 2019ء) : سینئیر سیاستدان جاوید ہاشمی کا دعویٰ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت اب بھی ان سے رابطہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کہا جا رہا ہے کہ آج بھی پاکستان تحریک انصاف کے دروازے آپ کے لیے کھُلے ہیں۔ آج بھی پاکستان تحریک انصاف کے رہنما واپس پارٹی میں آنے کی دعوت دیتے ہیں۔ چاہتا ہوں کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مدت پوری کرے۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ وہ اقتدار میں بیٹھے ہوئے بھی اپوزیشن میں ہوتے ہیں کیونکہ اقتدار میں رہ کر خدمت نہیں کی جاسکتی کیونکہ اصل اقتدار کسی اور کے پاس ہوتا ہے۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں میڈیا پر بھی پابندیاں ہیں۔ موجودہ میڈیا کو سب سے زیادہ سنسر شپ کا سامنا ہے، پہلے بانی ایم کیو ایم کے ذریعے لوگوں کو براہ راست گالیاں دلوائیں جاتی تھیں۔

(جاری ہے)

اب ان کا نام و نشان بھی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب لیڈروں کو جیل جانا پڑتا ہے۔ عدالت نے نواز شریف سے ڈیل کی نہ ہی ڈھیل دی ہے ۔ جیلیں تمام سیاستدانوں کے مقدر میں نہیں ہوتیں۔ عمران خان ایک ہفتہ بھی جیل میں نہیں رہ سکے۔ نواز شریف نے پرویز مشرف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ بنایا تو ان سے کہا مشرف کے خلاف کچھ کیا تو آپکی حکومت نہیں رہے گی۔ ایک سوال کے جواب میں جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ میں مسلم لیگ ن کے صدر رہ چکا ہوں ، اب مجھے کسی عہدے کی خواہش نہیں ہے۔

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ جب بھی نواز شریف پر مشکل وقت آیا وہ ساتھ کھڑے رہے ۔ ووٹ کو عزت دو ایک فلاسفی ہے۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں نے عمران خان سے کہا تھا آپ جیسے اقتدار میں آرہے ہیں عوام آپ کو کٹھ پتلی کہے گی۔ عمران خان حکومت کو کرکٹ سمجھ کر کھیل رہے ہیں۔ 70سال تک وزیر اعظم سلیکٹ کئے گئے، بعد میں سیلیکٹر خود ہی کہہ دیتا ہے میری چوائس ٹھیک نہیں تھی۔

انہوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے پاس کوئی پلان نہیں ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت سے سوال کیا کہ الیکشن سے قبل تو آپ کہتے تھے کہ ہمارے تھنک ٹینک حکمت عملی بنارہے ہیں ، اب آپ بتائیں کہ آپ کے وہ تھنک ٹینک کہاں گئے؟ جاوید ہاشمی نے مقتدر قوتوں کا نام لیے بغیر کہا خدا کے لئے اب وزیر اعظم بنانے والی فیکٹری بند کردو۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات