سرگودھا یونیورسٹی میں’’ تیسرا آل پاکستان ریاض شاد دو زبانی تقریری مقابلہ اور پنجابی ٹاکرہ‘‘

منگل 7 مئی 2019 16:14

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2019ء) سرگودھا یونیورسٹی میں ریاض شاد ہم نصابی فورم کے تحت’’ تیسرا آل پاکستان ریاض شاد دو زبانی تقریری مقابلہ اور پنجابی ٹاکرہ‘‘ کا انعقاد کیاگیا،جن میں پاکستان بھر کی جامعات اور کالجز کے طلبا و طالبات نے شرکت کی ،مقابلہ کا مقصد طلبہ میں ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دے کر انہیں علم و ادب سے روشناس کرانا ہے۔

اردواور انگریزی سنجیدہ تقریری مقابلوں میں ’’ اب ہوائیں ہی کریں گی روشنی کا فیصلہ‘ ہر بار روایات بھینٹ میں ہی چڑھی، اب جو چپ ہیں انہیںقاتل ہی پکارا جائے، روشنی کو کھا گئے صورت بدل کے ہم‘‘ کے موضوعات پر منعقد ہوئے۔ اردو اور انگریزی مزاحیہ مقابلوں میں ’’ بل اتنے ملے کہ بلبلا اٹھا، جہنم کو بھر دیں گے مقرر ہمارے، عشق نے کہا اوقات میں رہ، کچھ پانے کیلئے کچھ کھلانا پڑتا ہے ‘‘کے موضوع پر منعقد ہوئے جبکہ پنجابی ٹاکر ا کا موضوع’’ پنجاب دی ترقی پنجابی وچ اے‘‘ تھا۔

(جاری ہے)

اردو تقریری مقابلہ میں پہلی پوزیشن پاکستان تقریری سوسائٹی کے کامران سعید ،دوسری پوزیشن یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور کی مونم زاہرہ اور تیسری پوزیشن جی سی لاہور کے طالب علم حسن اعجاز نے حاصل کی۔انگریزی تقریری مقابلہ میں پہلی پوزیشن پی اے ایف کالج رسالپور کے حسن عبداللہ ، دوسری پوزیشن چناب کالج جھنگ کے عبداللہ سلطان اور تیسری پوزیشن کاریئنس یونیورسٹی کے فرحان احمد نے اپنے نام کی،جبکہ پنجابی ٹاکرہ کے مقابلہ میں پہلی پوزیشن ادارہ بیر بل شریف کے محمد عدنان ،دوسری پوزیشن یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور کی عظمیٰ ملک اور تیسری پوزیشن جی سی فیصل آباد کی زہرا شاہ نے حاصل کی جبکہ ٹیم ٹرافی جی سی یونیورسٹی لاہورکے نام رہی۔

انگریزی تقریری مقابلوں میں ججز کے فرائض معروف مقرراشفاق بالی اور ماہین نے، اردو کے مقابلوںمیں جج کے فرائض عمران فیروز اور عظمیٰ نے سر انجام دیئے جبکہ پنجابی کے مقابلہ میں اعظم رانجھا اور محمد عبدالروف نے ججزکے فرائض سر انجام دیئے۔ادبی مقابلوںکے اختتامی سیشن میں ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر ڈاکٹر محمد افضل اور ملک اسلم نوید بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے اور امتیازی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات میں اسناد اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔