Live Updates

کارکنوں میں ایسا جذبہ پہلے کبھی نہیں دیکھا، مریم نواز

ہم گھر سے نکل چکے ہیں، آدھا گھنٹہ ہوچکا ہے، ابھی تک ہم اپنے گھرکے گیٹ سے باہرنہیں نکل پائے۔ نائب صدر ن لیگ مریم نواز کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 7 مئی 2019 21:29

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 مئی 2019ء) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ کارکنوں میں ایسا جذبہ پہلے کبھی نہیں دیکھا، ہم گھر سے نکل چکے ہیں، آدھا گھنٹہ ہوچکا ہے، ابھی تک ہم اپنے گھرکے گیٹ سے باہرنہیں نکل پائے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کارکنوں میں ایسا جذبہ پہلے کبھی نہیں دیکھا، ہم گھر سے نکل چکے ہیں۔ اس موقع پرسابق وزیراعظم نوازشریف نے گاڑی میں سے کارکنوں کوہدایت کی کہ کارکن اپنا فرض ادا کررہے ہیں۔

کارکن اپنے جذبات کا اظہارکرکے گاڑیوں میں تشریف رکھیں۔ واضح رہے سابق وزیراعظم نوازشریف کو ضمانت ختم ہونے پر کوٹ لکھپت جیل کی طرف لے جایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ن لیگی رہنماء سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ جیل انتظامیہ نے نوازشریف کو جیل جانے کی اجازت نہ دی تو توہین عدالت ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی اس لیے عوام قیدی کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا جذبہ بتا رہا ہے کہ عوام ایک قیدی کے ساتھ ہیں۔ حکومت کے ساتھ نہیں ہیں۔پاکستان کے عوام نوازشریف کے ساتھ ہیں۔ حکومت بیمار قیدی سے خوفزدہ ہے۔ ن لیگی رہنماء مخدوم جاوید ہاشمی نے جاتی امراء پہنچ کر میڈیا سے مختصر گفتگو میں کہا کہ نواز شریف کے بیانیے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ عمران خان کو لانے والے اب اچھی طرح سمجھ گئے ہیں اور اب بھگت رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف آج بھی ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر قائم ہیں۔ اس موقع پر خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف کے بیانیے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ نوازشریف سے اظہار یکجہتی کیلئے بڑی تعداد میں لوگ آئے ہیں۔ ن لیگ کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جذبہ وجوش دیکھ لیں یہ وہ لوگ ہیں جوعدالتی فیصلے کوتسلیم نہیں کرتے۔ حکومت ناکام ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت خود ہی چلی جائے اس سے پہلے کہ عوام اس کو اٹھا کرباہر پھینک دیں۔ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے اپنے بڑے بھائی سابق وزیراعظم نوازشریف سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریف خاندان نے ایک بارپھر ثابت کیا کہ الزامات سے ڈر کربھاگنے والے نہیں۔وقت نے جھوٹے الزامات لگانے والوں کو بے نقاب کردیا۔

جیل کے دروازے نوازشریف کو زیادہ عرصہ عوا م سے دور نہیں رکھ سکتے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بھگانے کی خواہش رکھنے والے خود بھاگ گئے۔شہبازشریف نے کہا کہ وہ جلد وطن واپس آئیں گے،مخالفین ایک بار پھر جھوٹے ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹی مریم ، حمزہ شہباز پاکستان کےعظیم قائد کوکارکنوں کے ہمراہ جیل تک الوداع کریں گے۔ معزز اور مخلص پارٹی کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

کارکنوں کواپنے قائد کوجیل تک الوداع کرنے کی اجازت نہ دینا حکومتی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ پورا پاکستان نواز شریف کو دوبارہ رہائی پر خوش آمدید کہنے کو بے تاب رہے گا۔ صدر ن لیگ پنجاب رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ کوٹ لکھپت جانے والے روٹ کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ اس روٹ پر تمام راستے کھلے رکھے جائیں۔ کسی شہری کو اس روٹ پر آنے سے نہ روکا جائے۔

کسی کارکن کو گرفتار یا ہراساں کیا گیا تو اسے قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ جعلی حکمرانوں کے ایجنڈے پر کام نہ کرے۔ قوم کے محسن کو علاج کی سہولت میسر نہیں، وہ آج ضمانت پوری ہونے پر پھر جیل واپس جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نوازکو نائب صدربنانے سے پارٹی کارکنان کا حوصلہ بڑھا ہے، مریم نواز کو پارلیمنٹ کا حصہ بھی بنایا جا سکتا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات