Live Updates

جہانگیر ترین کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

درخواست میں جہانگیر ترین کی اجلاسوں کی صدارت اعلی عدلیہ کے فیصلوں کو توہین قرار دیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 18 مئی 2019 15:28

جہانگیر ترین کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 مئی 2019) :پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مقامی وکیل چوہدری شعیب سلیم نے لاہور ہائی کورٹ کے روبرو متفرق درخواست دائر کردی ہے جس میں جہانگیر ترین کے حکومتی اجلاسوں کی صدارت کرنے پر قانونی اعتراض اٹھایا گیا ہے۔

درخواست گزار وکیل کے مطابق جہانگیر ترین کو سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا ہے لیکن انہوں نے حکومتی اجلاسوں کے دوران بریفنگ لی اور احکامات بھی جاری کیے۔درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کو اجلاسوں کی صدارت کی اجازت دے کر سپریم کورٹ کے فیصلے کی نفی کی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ جہانگیر ترین کو حکومتی اجلاسوں کی صدارت کرنے سے روکا جائے۔

(جاری ہے)

درخواست میں جہانگیر ترین کی اجلاسوں کی صدارت اعلی عدلیہ کے فیصلوں کو توہین قرار دیا گیا۔خیال رہے جہانگیر ترین کی اجلاسوں میں شرکت پر نا صرف اپوزیشن بلکہ پی ٹی آئی کے اندر سے بھی تنقید کی جاتی ہے۔ جہانگیر ترین سپریم کورٹ سے نااہل ہونے کے بعد بھی تحریک انصاف میں کافی متحرک رہے۔جہانگیر ترین نے آزاد رہنماؤں کو پی ٹی آئی میں شامل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

اسی حوالے سے :پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر عامر حسن کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت سپریم کورٹسے نااہل شخص چلا رہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر بات کریں کرپشن پر نکالنے کی تو جسے سپریم کورٹ نے نااہل کیا وہ آج اس حکومت کا گاڈ فادر بنا ہوا ہے۔اس کے کہنے پر وزارتوں میں تبدیلی کی جا رہی ہے اور تقرر و تبادلے کیے جاتے ہیں۔عامر حسن کا کہنا تھا کہ نااہل ترین شخص یعنی کے جہانگیر ترین سارے فیصلے کر رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات