پاکستان ، امت مسلمہ کے حکمران اور اقوام متحدہ کشمیر کی آزادی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں : ذکر اللہ مجاہد

ً کشمیر میں ماہ رمضان میں بھی بربریت اور مظالم کا سلسلہ امت مسلمہ کے لیے تکلیف کا باعث ہے،بھارت کاکشمیریوں پر طاقت کا استعمال انسانی حقوق، جینے کا حق اور پر امن احتجاج کے حق کی خلاف ورزی ہے، امیر جماعت اسلامی لاہور

ہفتہ 18 مئی 2019 20:36

ًلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2019ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کشمیر میں ماہ رمضان میں بھی بربریت اور مظالم کا سلسلہ امت مسلمہ کے لیے تکلیف کا باعث ہے۔ مقدس مہینے میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آبروریزی، تشدد، ماورائے عدالت قتل عام اورجبری سرچ آپریشنز کا سامنا ہے جبکہ کشمیری قیادت کو غیر قانونی طور پر گرفتار کر کے ان کے اثاثہ جات ضبط کیے جارہے ہیں اس بھارتی بربریت اور مظالم کی جماعت اسلامی بھر پور مذمت کرتی ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے کشمیر مہاجرین سے اظہاریکجہتی اور فنڈریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کشمیر رہنما سید صلاح الدین ، چوہدری نصیر احمد گجر ، جماعت اسلامی کشمیر ریلیف پنجاب کے صدر محمد اصغر بھٹی ، صدر الخدمت فاونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد و دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ 70 برسوں سے کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کے ارادوں اور عزم کو توڑ نہیں سکی۔

بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کو دہشت گردی کا رنگ دینے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا جبکہ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا اور بھارت کبھی بھی کشمیریوں کی ہمت کو توڑ نہیں سکے گا۔انہوں نے کہا کہ طاقت اور جبر سے آزادی کی تحریک کو دبایا نہیں جا سکتا۔بھارتی فوج کی جانب سے پر امن کشمیریوں پر طاقت کا استعمال انسانی حقوق، آزادی اظہار رائے، جینے کا حق اور پر امن احتجاج کے حق کی خلاف ورزی ہے۔تقریب میں قائدین حکومت پاکستان سمیت عالمی برداری سے مطالبہ کیا کہ پاکستان ، امت مسلمہ کے حکمران اور اقوام متحدہ کشمیر کی آزادی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔