آصف زرداری نے اپنی گرفتاری کی ممکنہ تاریخ کا عندیہ دے دیا

نیب نے 23 مئی کو طلب کیا ہے، خدشہ ہے کہ اس روز گرفتار کر لیا جاوں گا: سابق صدر مملکت

muhammad ali محمد علی منگل 21 مئی 2019 19:51

آصف زرداری نے اپنی گرفتاری کی ممکنہ تاریخ کا عندیہ دے دیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 مئی۔2019ء) آصف زرداری نے اپنی گرفتاری کی ممکنہ تاریخ کا عندیہ دے دیا، سابق صدر مملکت کا کہنا ہے کہ نیب نے 23 مئی کو طلب کیا ہے، خدشہ ہے کہ اس روز گرفتار کر لیا جاوں گا۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر مملکت اور پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری نے اپنی گرفتاری کی ممکنہ تاریخ کا عندیہ دے دیا ہے۔ آصف زرداری کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں نےنیب نے 23 مئی کو طلب کیا ہے۔ آصف زرداری کا کہنا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ 23 مئی کو نیب انہیں گرفتار کر لے گی۔ اسی باعث آصف زرداری نے عدالت سے رجوع کرکے درخواست کی ہے کہ نیب کو انہیں گرفتار کرنے سے روکا جائے۔ دوسری جانب احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کے خلاف جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس کی سماعت 30 مئی تک ملتوی کردی ہے.

منگل کے روز احتساب عدالت کے معزز جج محمد ارشد ملک نے جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالت میں سماعت کے دوران عبدالغنی مجید کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی جس میں کہا گیا کہ ملزم کے پروڈیکشن آرڈرجاری ہوئے تھے لیکن وہ بیمار ہیں. دوسری جانب حسین لوائی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل کو ایف آئی اے نے گرفتارکیا تھا، حسین لوائی کومچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دیا جائے.

وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حسین لوائی کوبھی آزاد رہ کرٹرائل کا سامنا کرنے کی اجازت دی جائے. نیب پراسیکیوٹر نے حسین لوائی کی رہائی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کیس نیب کومنتقل ہوا ہے توملزمان کی حیثیت بھی برقرار رہے گی، ملزم کی رہائی کی درخواست خارج کی جائے احتساب عدالت نے حسین لوائی اور طٰہ رضا کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی.

جعلی بینک اکاﺅنٹس کیسزکی منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی، رجسٹرار آفس نے اپیل دائرکرنے کے لیے مزید 2 ہفتے کی مہلت دے دی. سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپورکی کیس منتقلی فیصلے کے خلاف اپیل دائرنہ ہوسکی بعدازاں احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کے خلاف جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس کی سماعت 30 مئی تک ملتوی کردی. سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس کی سماعت کے لیے عدالت میں پانچویں مرتبہ پیش ہوئے‘آصف علی زرداری کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، عدالت کے احاطے میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع تھا.

سپریم کورٹ نے 7 جنوری 2019 کو اپنے فیصلے میں نیب کو حکم دیا تھا کہ وہ جعلی اکاﺅنٹس کی ازسرنو تفتیش کرے اور 2 ماہ میں مکمل رپورٹ پیش کرے جبکہ عدالت نے جے آئی ٹی رپورٹ بھی نیب کو بجھوانے کا حکم دیا تھا. آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے 20 مارچ کو نیب کی انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہوکربیان ریکارڈ کرایا تھا.